Baaghi TV

کینیڈین ائیرلائن کے مسافر طیارے کے پائلٹ کی طبیعت خراب،ہنگامی لینڈنگ

کینیڈین ائیرلائن کے مسافر طیارے کے دورانِ پرواز پائلٹ کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث پرواز کو ہنگامی طور پر اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا، تاہم فرسٹ آفیسر کی بروقت کارروائی سے طیارے کو بحفاظت بوسٹن میں اتار لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین ائیرلائن کی پرواز امریکی ریاست نیو جرسی سے کینیڈا جا رہی تھی کہ دورانِ سفر مرکزی پائلٹ کو اچانک طبی مسئلہ پیش آیا۔ اس صورتحال کے باعث طیارہ ایک لمحے کے لیے جھٹکے سے اپنے معمول کے راستے سے ہٹ گیا، جس پر کاک پٹ میں موجود فرسٹ آفیسر نے فوری طور پر طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ائیرلائن حکام کے مطابق حفاظتی ضوابط پر عمل کرتے ہوئے متاثرہ پائلٹ کو عملے کی مدد سے کاک پٹ سے باہر منتقل کیا گیا، جبکہ فرسٹ آفیسر نے قریبی ہوائی اڈے کا رخ کرتے ہوئے طیارے کو امریکی شہر بوسٹن میں بحفاظت ایمرجنسی لینڈ کر دیا۔

حکام نے بتایا کہ طیارے میں عملے کے ارکان کے علاوہ 61 مسافر سوار تھے اور ہنگامی لینڈنگ کے دوران کسی مسافر یا عملے کے رکن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ متاثرہ پائلٹ کو فوری طور پر بوسٹن کے ایک اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم ان کی طبی حالت یا بیماری کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ادھر ایک مسافر نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پائلٹ کو بظاہر دورے پڑ رہے تھے اور یہ کیفیت تقریباً 40 منٹ تک برقرار رہی۔واقعے کے بعد ایوی ایشن حکام نے معمول کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دورانِ پرواز پیش آنے والی اس ہنگامی صورتحال کی وجوہات کا جائزہ لیا جا سکے، جبکہ مسافروں نے فرسٹ آفیسر اور فضائی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کارروائی کے باعث ایک ممکنہ حادثہ ٹل گیا۔

More posts