مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جس انداز سے بلدیاتی انتخابات ہوئے، اس سے بہتر ہے کہ ایسے انتخابات نہ ہی کرائے جائیں۔
اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ مطالبہ درست ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں بلدیاتی نظام لایا جائے، لیکن یہ نظام کراچی جیسا نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے طرز پر الیکشن کرانے سے بہتر ہے کہ انتخابات نہ کرائے جائیں۔ ان کے مطابق لاہور پر کراچی جیسا بلدیاتی نظام نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔سعد رفیق نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ان کے مؤقف کی مزید تفصیل جاننی ہو تو وہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان یا ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں بلدیاتی حکومتیں موجود ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں بھی نافذ کیا جائے اور اسلام آباد میں بھی بااختیار بلدیاتی نظام قائم کیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور گلگت بلتستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد 90 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
