Baaghi TV

Blog

  • یہ میرا کراچی،عید قربان کیلئے لائے گئے 19 لاکھ مالیت کے 25 بکرے چوری

    یہ میرا کراچی،عید قربان کیلئے لائے گئے 19 لاکھ مالیت کے 25 بکرے چوری

    کراچی میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی قربانی کے جانوروں کی چوری کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا۔ شہر کے علاقے گلستانِ جوہر بلاک 8 میں نامعلوم ملزمان 25 بکرے چوری کرکے فرار ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پیش آیا، جہاں پلاٹ پر بندھے قربانی کے بکرے چور سوزوکی میں لاد کر لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل اور کار پر سوار ہو کر آئے تھے۔بکروں کے مالک محمد اسامہ خان نے بتایا کہ چوری ہونے والے بکروں کی مجموعی مالیت 19 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بکرے عید قرباں پر فروخت کے لیے لائے تھے۔واقعے کی رپورٹ ملیر کینٹ تھانے میں درج کرادی گئی ہے، جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

    شہریوں نے قربانی کے جانوروں کی بڑھتی ہوئی چوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مویشی منڈیوں اور رہائشی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے۔

  • گوادر پورٹ،عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے چارجز میں کمی

    گوادر پورٹ،عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کیلئے چارجز میں کمی

    گوادر پورٹ پر عالمی ٹرانزٹ ٹریفک بڑھانے کے لیے حکومت نے بڑے پیمانے پر مراعات کا اعلان کر دیا، جس کے تحت مختلف ٹیرف اور پورٹ چارجز میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی کردی گئی ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد تک رعایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر بھی پورٹ چارجز میں 31 فیصد کمی کی گئی ہے تاکہ عالمی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور گوادر پورٹ کو خطے کے اہم تجارتی مرکز کے طور پر فعال بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر کے مطابق جنرل کارگو کے لیے مفت اسٹوریج کی سہولت کو 5 دن سے بڑھا کر ایک ماہ تک کر دیا گیا ہے، جس سے درآمد و برآمد سے وابستہ تاجروں اور شپنگ کمپنیوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

    جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی ٹرانزٹ ٹریفک کے حصول کے لیے ریکارڈ مراعات فراہم کر رہی ہے اور گوادر کو علاقائی لاجسٹکس ہب بنانے کی پالیسی پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

  • خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور، ٹیلر ماسٹر کی بیٹی کا 17 گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ریکارڈ

    خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور، ٹیلر ماسٹر کی بیٹی کا 17 گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ریکارڈ

    پشاور: خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ذہین طالبہ قندیل مرتضیٰ نے 17 گولڈ میڈلز حاصل کر کے شاندار ریکارڈ قائم کر دیا، جس پر کانووکیشن ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔

    غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل طالبہ قندیل مرتضیٰ کا تعلق ہری پور سے ہے اور وہ ایک ٹیلر ماسٹر کی بیٹی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر بن گئی ہے۔کانووکیشن تقریب میں قندیل مرتضیٰ کے بعد مقدس نے 10 گولڈ میڈلز حاصل کر کے دوسری جبکہ سبین نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی قندیل مرتضیٰ کا نام اسٹیج پر پکارا گیا تو حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انہیں گولڈ میڈلز پہنائے تو ہال ایک بار پھر داد و تحسین سے گونج اُٹھا۔تقریب کے دوران قندیل مرتضیٰ کے والدین کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جہاں شرکاء نے ان کی جدوجہد اور بیٹی کی کامیابی کو خوب سراہا۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی قندیل مرتضیٰ کی اس شاندار کامیابی کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین انہیں نوجوانوں کے لیے ایک مثالی شخصیت قرار دے رہے ہیں۔

  • روس جنگ کیلئے پاکستانی نوجوانوں کی مبینہ بھرتی کا انکشاف

    روس جنگ کیلئے پاکستانی نوجوانوں کی مبینہ بھرتی کا انکشاف

    روس جنگ کیلئے پاکستانی نوجوانوں کی مبینہ بھرتی کا انکشاف ہوا ہے جنہیں ہیومن ٹریفکنگ نیٹ ورک کے ذریعے روس لے جا کر یوکرین کے خلاف لڑنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان میں مبینہ طور پر سرگرم ایک خطرناک ہیومن ٹریفکنگ نیٹ ورک نوجوانوں کو روس میں پرکشش ملازمتوں کا جھانسہ دے کر یوکرین کے خلاف جنگ میں زبردستی شامل کرتا ہے۔جیو ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ راولپنڈی سرکل میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے جبکہ معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

    درخواست گزار منصور اختر جمال نے ایف آئی اے کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ خود ان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اور انہیں روس میں قانونی ورک پرمٹ، محفوظ ملازمت اور ماہانہ 5 سے6 لاکھ روپے تنخواہ کا لالچ دے کر “کک” کے ویزے پر روس بھجوایا گیا۔ درخواست کے مطابق اس سارے عمل کیلئے ان کے بڑے بھائی محمود اختر جمال کے اکاؤنٹ سے تقریباً 47 لاکھ 50 ہزار روپے ایجنٹ ہشام بن طارق کو ادا کیے گئے، درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ ہشام بن طارق نامی شخص اور اس کے مبینہ ساتھی نوجوانوں کو بہتر مستقبل اور بھاری تنخواہوں کا خواب دکھا کر روس بھجواتے ہیں تاہم وہاں پہنچنے کے بعد صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو جاتی ہے۔ منصور اختر جمال کے مطابق روس پہنچنے کے بعد ان پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ روسی فوج میں شامل ہو کر یوکرین کے خلاف جنگی سرگرمیوں میں حصہ لیں، متاثرہ نوجوان کے مطابق انہوں نے خوفزدہ حالت میں اہل خانہ سے رابطہ کیا جس کے بعد گھر والے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوگئے۔

    بعد ازاں پاکستانی سفارتخانے اور مختلف ذرائع کی مدد سے انہیں بڑی مشکل سے واپس پاکستان لایا گیا جبکہ اس سارے عمل میں مزید لاکھوں روپے خرچ کرنا پڑے۔درخواست گزار نے ایف آئی اے کو مختلف بینک ٹرانزیکشنز، آن لائن ادائیگیوں اور مالی ریکارڈ بھی فراہم کر دیا ہے۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ راولپنڈی سرکل نے معاملے کی انکوائری نمبر 266/26 درج کر لی تھی جبکہ ابتدائی تحقیقات کی ذمہ داری انسپیکٹر زاہد بھٹی (SHO) کے سپرد کی گئی تھی۔اس حوالے سے جب انسپیکٹر زاہد بھٹی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کا اس کیس سے ٹرانسفر کر دیا گیا ہے، کیس سے متعلق مزید تفصیلات اور موجودہ پیشرفت کیلئے محرم نامی متعلقہ افسر سے رابطہ کیا جائے۔

    دوسری جانب درخواست گزار نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سےمطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ مزید نوجوانوں کو ایسے خطرناک جال میں پھنسنے سے بچایا جا سکے۔

  • مستونگ میں کسٹم گودام میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں

    مستونگ میں کسٹم گودام میں خوفناک آتشزدگی، 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں

    بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لکپاس کے قریب واقع کسٹم کے گودام میں لگنے والی خوفناک آگ پر 22 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق آگ گزشتہ روز صبح تقریباً 10 بجے بھڑکی تھی، جس کے بعد سے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 10 سے زائد فائر بریگیڈ گاڑیاں آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق گودام میں ایل پی جی سلینڈرز، ایندھن، کیمیکل، خشک میوہ جات، کپڑے اور ٹائرز بڑی مقدار میں موجود تھے، جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کر لی۔ آگ لگنے کے بعد ایل پی جی باؤزرز اور گیس سلینڈرز میں متعدد دھماکے بھی ہوئے، جن سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ڈی سی مستونگ نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر 35 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق آگ کے باعث 100 سے زائد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہو گئیں۔ تاہم رات گئے آگ کی شدت میں کمی آنے کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

  • پاکستان سے تیار کردہ نفرت انگیز اے آئی ویڈیوز برطانیہ میں پھیلاکر پیسہ کمائے جانیکا انکشاف

    پاکستان سے تیار کردہ نفرت انگیز اے آئی ویڈیوز برطانیہ میں پھیلاکر پیسہ کمائے جانیکا انکشاف

    برطانیہ میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ نفرت انگیز ویڈیوز پھیلانے کے معاملے میں پاکستان کا نام بھی سامنے آگیا۔ دی بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی اور اشتعال انگیز ویڈیوز پھیلا کر میٹا کے اشتہاری ماڈل کے ذریعے مالی فائدہ اٹھایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ان ویڈیوز میں برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور لندن کے میئر صادقخان کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک جعلی ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھا، جس کے بعد اس معاملے نے برطانیہ میں تشویش پیدا کر دی۔تحقیقات میں بتایا گیا کہ پاکستان میں موجود ایک شخص ان ویڈیوز کی پوسٹنگ میں ملوث پایا گیا۔ مذکورہ شخص نے اعتراف کیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے ماہانہ آمدن حاصل کر رہا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ کمزور انگریزی کی وجہ سے وہ مواد کی نوعیت کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکا، تاہم بعد ازاں کچھ پوسٹس حذف کر دی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نشاندہی کے بعد متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دیے گئے۔ دوسری جانب لندن کے میئر کے ترجمان نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ نفرت انگیز، جعلی اور گمراہ کن مواد کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آن لائن پلیٹ فارمز کو غلط معلومات کے پھیلاؤ کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔

  • ایران میں منصوبے امریکی صدر کو خوش کرنے کیلیے نہیں بنائے جاتے، ایرانی سرکاری میڈیا

    ایران میں منصوبے امریکی صدر کو خوش کرنے کیلیے نہیں بنائے جاتے، ایرانی سرکاری میڈیا

    ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے جواب پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ردعمل کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران میں منصوبے امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے نہیں بنائے جاتے، ٹرمپ ایران کے جواب سے خوش نہیں تو یہ ایران کے حق میں بہتر ہے۔،ایرانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ‏امریکی تجاویز ٹرمپ کے حد سے زیادہ مطالبوں کے آگے ہتھیارڈالنےکےمترادف تھیں۔

    ‏ایرانی تجا ویز میں امریکا کو جنگی نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی اور آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری پر زور دیا گیا۔

    قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی تجاویز کے جواب کو مسترد کر دیا ہے،ٹروتھ سوشل پر اپنے مختصر پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران کے نام نہاد ’نمائندوں‘ کی جانب سے دیا گیا جواب پڑھا ہے۔‘انھوں نے لکھا کہ ’یہ مکمل طور پر ناقابلِ قبول‘ ہے۔

    یہ جواب پاکستان کے ذریعے بھیجا گیا تھا جو اس تنازع میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔اسی ہفتے کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا تھا کہ ایران میں جنگ ’جلد ختم ہو

  • ٹوبہ ٹیک سنگھ، رکن اسمبلی کے ڈیرے پر فائرنگ،ایوب گادھی زخمی،3 کی موت

    ٹوبہ ٹیک سنگھ، رکن اسمبلی کے ڈیرے پر فائرنگ،ایوب گادھی زخمی،3 کی موت

    ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے 3 دیگر افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

    پولیس کے مطابق رجانہ میں ایم پی اے ایوب گادھی کے ڈیرے پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں ایم پی اے ایوب گادھی کے تین ساتھی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایوب گادھی بھی زخمی ہوئے،ریسکیو حکام کے مطابق ایوب گادھی کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا،آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ایوب گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔

  • ضلعی انتظامیہ کے دعوے بے بنیاد،ہسپتال کے باہر مریض سڑک پر بغیر ایمبولینس

    ضلعی انتظامیہ کے دعوے بے بنیاد،ہسپتال کے باہر مریض سڑک پر بغیر ایمبولینس

    قصور
    بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں سہولیات کے دعوے سوالیہ نشان بن گئے

    قصور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے ان دعوؤں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مریض کو شدید گرمی کے دوران مصروف ٹریفک کے درمیان سٹریچر پر ہسپتال کے اندر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ موقع پر ایمبولینس گاڑیاں موجود ہونے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا گیا۔

    شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامی غفلت قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ہسپتال میں بنیادی مریض سہولیات اور ایمرجنسی رسپانس کا یہ حال ہے تو عام مریضوں کو کس قدر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا۔

    شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

    دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا

  • کم جونگ اُن کو قتل کیا گیا تو فوری ایٹمی حملہ کردیا جائے گا،شمالی کوریا کے آئین میں ترمیم

    کم جونگ اُن کو قتل کیا گیا تو فوری ایٹمی حملہ کردیا جائے گا،شمالی کوریا کے آئین میں ترمیم

    شمالی کوریا نے اپنے آئین اور جوہری پالیسی میں انتہائی اہم ترمیم منظور کی ہے، جس کے تحت اگر ملک کے سربراہ کِم جونگ اُن کسی غیر ملکی دشمن کے ہاتھوں قتل یا شدید زخمی (غیر فعال) ہو جائیں، تو شمالی کوریا کی فوج خودکار طور پر دشمن پر جوابی جوہری حملہ کرنے کی پابند ہوگی،جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس (NIS) نے ان آئینی تبدیلیوں کی تصدیق کی ہے۔

    برطانوی اخبار کے مطابق یہ ترمیم 22 مارچ 2026 کو پیانگ یانگ میں 15ویں سپریم پیپلز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں منظور کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو خطرہ لاحق ہو تو جوہری حملہ "فوری اور خودکار” انداز میں ہوگا،یہ فیصلہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے مشیروں کی اسرائیل-امریکا کے مشترکہ حملے میں شہادت کے بعد کیا گیا، جس نے شمالی کوریا کو اپنی قیادت کی سکیورٹی پر تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔

    اخبار کے مطابق جنوبی کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس (این آئی ایس) نے جمعرات کو اعلیٰ حکام کو بریفنگ کے دوران اس ترمیم سے آگاہ کیا این آئی ایس کے مطابق کم جونگ اُن شمالی کوریا کی جوہری افواج کے سربراہ ہیں تاہم نئی ترمیم میں اس صورت حال کے لیے بھی طریقہ کار طے کر دیا گیا ہے کہ اگر وہ ہلاک ہو جائیں تو فوج کو کیا کرنا ہوگا۔

    شمالی کوریا کے آئین کے نظرثانی شدہ آرٹیکل 3 کے مطابق ’اگر دشمن قوتوں کے حملوں سے ریاستی جوہری افواج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو خطرہ لاحق ہو تو جوہری حملہ خودکار اور فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا‘۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دشمنوں (خاص طور پر امریکا اور جنوبی کوریا) کے لیے ایک واضح انتباہ ہے کہ قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کا انجام ایٹمی جنگ ہوگا۔