بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم غیر سرکاری تنظیم سپارک نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں نمایاں اضافے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
سپارک کی جانب سے پیش کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے سے قومی خزانے کو تقریباً 51 ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔ تنظیم نے تجویز دی ہے کہ کم قیمت سگریٹ کے پیکٹ پر کم از کم 35 روپے جبکہ مہنگے سگریٹ کے پیکٹ پر 21 روپے اضافہ کیا جائے،رپورٹ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ سگریٹ پر ٹیکس کا یکساں نظام بتدریج نافذ کیا جائے تاکہ مختلف برانڈز کے درمیان قیمتوں کا فرق کم ہو اور سگریٹ کی آسان دستیابی محدود کی جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ اندازوں کے مطابق ان تجاویز پر عملدرآمد سے تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار نوجوان سگریٹ نوشی شروع کرنے سے باز رہ سکتے ہیں، جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار افراد کے اس عادت کو ترک کرنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔ماہرین صحت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ان تجاویز کو سنجیدگی سے زیر غور لایا جائے تاکہ مستقبل میں تمباکو نوشی سے جڑی بیماریوں میں کمی لائی جا سکے۔









