Baaghi TV


بلاول اور آصفہ بھٹو گلگت بلتستان انتخابی مہم کی قیادت کریں گے

ppp

‎پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کی خود قیادت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد پارٹی نے جلسوں کا باقاعدہ شیڈول بھی تیار کر لیا۔
‎پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر آٹھ بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
‎رپورٹس کے مطابق انتخابی مہم کا آغاز 31 مئی کو شگر سے ہوگا جہاں بلاول بھٹو زرداری پہلا بڑا جلسہ عام کریں گے۔
‎شیڈول کے تحت بلاول بھٹو یکم جون کو خپلو، 2 جون کو اسکردو اور 3 جون کو دیامر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
‎دوسری جانب آصفہ بھٹو زرداری بھی انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ وہ 3 جون کو ہنزہ اور 4 جون کو نگر میں پارٹی جلسوں کی قیادت اور خطاب کریں گی۔
‎پیپلز پارٹی کے مطابق انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بلاول بھٹو زرداری 4 جون کو غذر جبکہ 5 جون کو گلگت میں بڑے جلسوں سے خطاب کر کے مہم کا اختتام کریں گے۔
‎پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول سامنے آنے کے بعد گلگت بلتستان بھر میں پیپلز پارٹی کے کارکنان متحرک ہو گئے ہیں اور انتخابی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کی براہ راست انتخابی مہم میں شرکت سے گلگت بلتستان کی سیاست میں سرگرمی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات ملکی سیاست میں اہمیت رکھتے ہیں اور بڑی سیاسی جماعتیں اس خطے میں اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے متحرک ہیں۔
‎پیپلز پارٹی قیادت کی جانب سے مسلسل عوامی رابطہ مہم کو پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts