Baaghi TV

Category: راولپنڈی

  • ویزے کا جھانسہ دے کر، 32 لاکھ روپے ہتھیانے والا ملزم ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    ویزے کا جھانسہ دے کر، 32 لاکھ روپے ہتھیانے والا ملزم ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

    راولپنڈی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم کامیابی حاصل کرلی۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم عمر رضا نعیم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق متاثرہ شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کا آغاز کیا اور ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے اسے حراست میں لے لیا۔

    ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم عمر رضا نعیم نے شکایت کنندہ کے 7 ساتھیوں کو بیرون ملک بہتر مستقبل اور ورک ویزے دلانے کا لالچ دیا۔ ملزم نے ویزے فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے ان افراد سے مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے وصول کیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق رقم حاصل کرنے کے بعد ملزم نے متاثرہ افراد کو نہ تو وعدے کے مطابق ورک ویزے فراہم کیے اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی، جس کے بعد متاثرین نے ایف آئی اے سے رجوع کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ فراڈ میں ملوث دیگر ممکنہ ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جاسکے اور انہیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔

  • راولپنڈی: حنا جاوید قتل کیس، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی: حنا جاوید قتل کیس، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی میں 45 سالہ خاتون حنا جاوید کے قتل کیس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم موت کے تقریباً 12 گھنٹے بعد ڈاکٹر ماریا خالد نے کیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حنا جاوید کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی، جبکہ پسلیوں اور کولہے کی ہڈی پر بھی زخموں کے نشانات پائے گئے۔رپورٹ کے مطابق مقتولہ کی پیریکارڈیئم، یعنی دل کے گرد موجود جھلی، خون سے بھری ہوئی تھی۔مقتولہ کے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر موت کی حتمی وجہ کا واضح تعین نہیں ہوسکا۔ مزید فرانزک تجزیے کے لیے لاش سے حاصل کیے گئے نمونے بھی فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک کے لیے حاصل کیے گئے نمونے لیڈی کانسٹیبل رافعہ تبسم نے وصول کیے۔

    واضح رہے کہ حنا جاوید کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سول لائنز میں مقتولہ کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں درج ہے۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرکے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے۔پولیس کی جانب سے ڈاکٹر کو فراہم کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے پھندا دے کر لٹکایا تھا۔

  • ٹی ایچ کیو گوجرخان کے 16 ملازمین دیگر شہروں میں ڈیوٹی پر، مریض رُل گئے

    ٹی ایچ کیو گوجرخان کے 16 ملازمین دیگر شہروں میں ڈیوٹی پر، مریض رُل گئے

    ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی، قیمتی طبی مشینری غیر فعال، قاضیاں مرکز سے لیڈیں چوری ہونے کا انکشاف
    غریب مریض علاج کو ترسے، عملہ واپس بلانے اور مشینری چوری کی فوری تحقیقات کا مطالبہ
    گوجرخان(قمرشہزاد) ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرخان اور مضافاتی مراکزِ صحت میں ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی شدید کمی کے باعث غریب مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مبینہ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے مختلف شعبوں سے وابستہ کم و بیش 16 ملازمین، جن میں ڈاکٹرز، چارج نرس، ڈسپنسر، کک اور نائب قاصد شامل ہیں، گوجرخان کے بجائے مری، راولپنڈی اور دیگر محکموں میں جنرل ڈیوٹی پر مامور ہیں، جس سے مقامی طبی نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔ مضافاتی بنیادی مرکز صحت قاضیاں میں تکنیکی عملے کی عدم دستیابی کے باعث لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی طبی مشینری طویل عرصے سے غیر فعال پڑی ہے۔ مبینہ ذرائع کے مطابق مرکز صحت قاضیاں سے لاکھوں روپے مالیت کی مشینری کی لیڈیں بھی چوری ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کے بغیر متعلقہ مشینری چلانا ممکن نہیں، جس کے باعث قیمتی سرکاری آلات عملاً بیکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مشینری کی عدم فعالیت اور مبینہ چوری کے معاملے کی فوری شفاف انکوائری کرائی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ صورتحال سے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر چکی ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کا کہنا ہے کہ جنرل ڈیوٹی آرڈرز سے متعلق قانونی و انتظامی معاملات جلد حل کیے جائیں گے۔گوجرخان کے عوامی، سماجی اور فلاحی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکریٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس لے کر دیگر علاقوں میں اٹیچ عملہ واپس بلانے، مراکزِ صحت میں ضروری اسٹاف فراہم کرنے اور قاضیاں مرکز صحت سے مبینہ طور پر چوری ہونے والی مشینری کی لیڈیں برآمد کرانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ غریب عوام کو ان کی دہلیز پر علاج کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں۔

  • آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے نام پرمشاورت

    آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے نام پرمشاورت

    مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امرا میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور متوقع امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا، آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے منصب کے لیے شاہ غلام قادر اور طارق فاروق کے نام زیر غور ہیں اور ان دونوں میں سے کسی ایک کو نامزد کیے جانے کا امکا ن ہے۔

    ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی مشاورت مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے،جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مشاورت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پارٹی کو آزاد کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلے کرنا ہیں۔

  • ٹک ٹاکر کا لرزہ خیز قتل، باپ اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف

    ٹک ٹاکر کا لرزہ خیز قتل، باپ اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف

    راولپنڈی پولیس کی سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس میں بڑی کامیابی، قتل کے مقدمے کا ڈراپ سین، سوشل میڈیا پرسنیلٹی کا اندھا قتل ٹریس، مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا-

    ایس ایس پی طارق محبوب نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد،حقیقی بھائی،چچا زاد بھائی،والد کا چچا اور چچا زاد بھائی کا بیٹا شامل ہیں،والد فضل،بھائی بشیر،چچا زاد بھائی احسان،والد کا چچا روزی خان اور چچا ذاد بھائی کا بیٹا یاسین پولیس حراست میں ہیں سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر قتل کروایا-

    ایس پی آپریشن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس پر متعدد سپیشل ٹیمیں کام کر رہی تھیں،ٹیمیں سی پی او کو براہ راست لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دیتی رہیں، 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا،ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع کو استعمال کیا گیا،پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کے پیش نظر مقتولہ کے والد اور بھائی کو شامل تفتیش کیا-

    انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر سوشل میڈیا پرسنیلٹی عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا، ملزمان نے قانون کو دھوکہ دینے کے لئے ڈھونگ رچانے کی کوشش کی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں، پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا،ٹک ٹاکر پرشادی کی تقریب میں شرکت پر اعتراض ہوا، ہری پور میں حملے کی کوشش ہوئی-

    ایس ایس پی طارق محبوب نے بتایا کہ ٹیکسلا پولیس نے واقعہ کے بعد سے ملزمان کی گرفتاری کے لئے مسلسل انتھک محنت کی،پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش سے مقدمہ میں اصل ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی-

  • راولپنڈی میں 6 ماہ کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری

    راولپنڈی میں 6 ماہ کیلئے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری

    وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت راولپنڈی میں 6 ماہ کے لیے پاک فوج کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے گی۔تعیناتی کے دوران حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں گے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کرے گی۔حکام کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے اور اس کا مقصد راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور سیکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانا ہے۔

  • آئی جی پنجاب کا آر پی او آفس راولپنڈی کا دورہ ، عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

    آئی جی پنجاب کا آر پی او آفس راولپنڈی کا دورہ ، عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

    راولپنڈی :انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ریجنل پولیس آفس راولپنڈی کا دورہ کیا اور راولپنڈی ریجن کے سینئر پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، آر او اسپیشل برانچ، آر او سی سی ڈی، سی ٹی ڈی سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب کو راولپنڈی ریجن میں جرائم، امن و امان اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے علاوہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کیے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ عید میلادالنبیؐ کے جلوسوں، مذہبی اجتماعات اور دیگر پروگراموں کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ جلوسوں کے روٹس، مجالس و اجتماعات کے مقامات اور حساس پوائنٹس پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور اہلکاروں کو ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی جائے، جبکہ مذہبی اجتماعات کے دوران علماء کرام، منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے۔

    پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے سپروائزری افسران کو ذاتی نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی حراست، حوالگی اور منتقلی کے تمام مراحل میں سیکیورٹی پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے پٹرولنگ، ناکہ بندی، سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

    عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کے لیے سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پہلے سے مکمل کیے جائیں۔

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو اور املاک کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔

  • فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، اہم پیش رفت

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، اہم پیش رفت

    راولپنڈی: کانگو کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد جی ایچ کیو پہنچا، جہاں پاک فوج کے تینوں سروسز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

    دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ان کے کردار اور عزم کی تعریف کی۔

    انہوں نے دفاعی شعبے میں مقامی پیداوار، خود انحصاری اور جدید دفاعی صلاحیتوں کے حصول کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

  • راشد منہاس کی 55ویں برسی:صدر مملکت اور مسلح افواج کے سربراہان کا خراج عقیدت

    راشد منہاس کی 55ویں برسی:صدر مملکت اور مسلح افواج کے سربراہان کا خراج عقیدت

    پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی 55ویں برسی پر صدر مملکت آصف زرداری، مسلح افواج کے سربراہان نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج کے سربراہان فیلڈ مارشل عاصم منیر،نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 55ویں برسی پر راشد منہاس کو عظیم قربانی اور شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔

    مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آج کے دن 1971 میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا اور غیر معمولی چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور عزت کے تحفظ کے لیے لازوال قربانی دی۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ راشد منہاس شہید کا یہ بے لوث عمل مادر وطن کے دفاع کے لیے جرات، وفاداری اور عزم کی روشن مثال ہے راشد منہاس شہید کی لازوال میراث قوم اور افواج کو فرض شناسی کی لازوال علامت کے طور پر متاثر کرتی رہے گی،اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ عوام اور مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کی 55ویں برسی کے موقع پر مادرِ وطن کے لیے ان کی بے مثال قربانی کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

    صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے کم عمری میں وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرات، فرض شناسی اور حب الوطنی کی ایسی مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی پاکستان کے سب سے کم عمر نشانِ حیدر، راشد منہاس کی عظیم قربانی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرات، عزم اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتی ہے۔

    ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت، دیگر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

  • راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں شدید طغیانی، شہریوں کو الرٹ جاری

    راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں شدید طغیانی، شہریوں کو الرٹ جاری

    راولپنڈی میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں شدید طغیانی آگئی، جس کے بعد نالے کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے سائرن بجا دیے گئے۔

    واسا راولپنڈی کا عملہ ہائی الرٹ ہے جبکہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ راجہ بازار اور ٹرنک بازار کی سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ سٹی صدر روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔قاسم مارکیٹ سلپ سے ریس کورس روڈ تک بھی صورتحال متاثر ہوئی ہے، جبکہ متعدد دکانوں اور بیسمنٹس میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    انتظامیہ اور واسا کا عملہ مختلف علاقوں میں نکاسیٔ آب کے کام میں مصروف ہے۔ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کریں۔