Baaghi TV

گوجرخان،ایل پی جی مافیا بے لگام، اوگرا کے نرخ ردی کا ڈھیر ،سلنڈر غریب کی پہنچ سے دور

پلانٹ مالکان نے حکومتی رٹ ہوا میں اڑا دی 3643 والا سلنڈر 58سو سے 6 ہزار میں دھڑلے سے فروخت، غریبوں کی جیبوں پر سرعام ڈاکہ
وزیراعظم اور چیئرمین اوگرا کی خاموشی پر سوالیہ نشان ضلعی انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹنے لگی شہری سراپا احتجاج
گوجرخان (قمرشہزاد) تحصیل گوجرخان اور گردونواح میں ایل پی جی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، جہاں سرکاری نرخنامے محض کاغذ کے ٹکڑے ثابت ہو رہے ہیں۔ ماہ جون کے لیے اوگرا کی جانب سے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3643 روپے مقرر کیے جانے کے باوجود، پلانٹ مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز نے ملی بھگت سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع کے مطابق، گیس پلانٹس سے ایجنسی ہولڈرز کو سلنڈر 5400 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جو کہ خود سرکاری قیمت سے کہیں زیادہ ہے، جبکہ یہی سلنڈر عام صارف تک پہنچتے پہنچتے 5800 سے 6000 روپے کی ریکارڈ سطح کو چھو رہا ہے۔ غریب اور متوسط دیہاڑی دار طبقہ، جو پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، اب لکڑیاں جلانے یا بھوکا سونے پر مجبور ہو گیا ہے۔ شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اوگرا اپنے ہی جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کروانے کی سکت نہیں رکھتا، تو ایسے ردی کے ٹکڑوں کو پبلش کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کا کیا مقصد ہے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ریاست کی رٹ پلانٹ مالکان کے سامنے ختم ہو چکی ہے جو وہ سرکاری احکامات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں؟ گوجرخان کے شہریوں نے وزیرِ اعظم پاکستان، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان پلانٹس و ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کریں جو کھلم کھلا قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر سرکاری نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو وہ احتجاجاً سڑکوں پر نکلنے میں حق بجانب ہوں گے۔

More posts