Baaghi TV

گوجرخان بلدیہ کی مبینہ لوٹ مار بے نقاب، لاکھوں کے فنڈز ہضم، معمولی بارش نے شہر ڈبو دیا

gujar khan

گوجرخان بلدیہ کی مبینہ لوٹ مار بے نقاب لاکھوں کے فنڈز ہضم، معمولی بارش نے شہر ڈبو دیا
سابق سی او طارق ضیاء اور مخصوص ٹولے کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا مطالبہ نالوں کی صفائی کے نام پر آنے والی بھاری رقوم آخر کس کی جیب میں گئیں؟ شہریوں کی دہائی
عوامی ٹیکسوں اور لوکل ریونیو کی مبینہ بندر بانٹ اہل گوجرخان کا وزیرِ اعلی مریم نواز سے بلدیہ کا فوری اسپیشل آڈٹ اور اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بنانے کا مطالبہ
گوجرخان (قمرشہزاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور نالوں کی صفائی ستھرائی کے واشگاف ویژن کی دھجیاں اڑانے میں بلدیہ گوجرخان کے افسران نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ ذرائع کے مطابق سابق سی او بلدیہ طارق ضیاء کے دورِ تعیناتی میں شہر بھر کے چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کے نام پر حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کیے گئے 60 لاکھ روپے کے فنڈز مبینہ طور پر کاغذوں کا پیٹ بھرنے کی نذر ہو گئے۔ بلدیہ کی جانب سے بنائی گئی نام نہاد خصوصی ٹیمیں اور بلند و بانگ دعوے حالیہ معمولی سی بارش کے پہلے ہی سپیل میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ بارش کیا ہوئی، پورا گوجرخان ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا، جس نے بلدیہ کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔عوامی حلقوں میں اس وقت شدید غم و غصہ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جب لاکھوں روپے کی لاگت سے صاف کیے گئے نالوں نے پہلی ہی بارش میں ابلنا شروع کر دیا۔ شہر کے اہم تجارتی مراکز، گلی محلے، اور مرکزی بازار فٹوں گہرے پانی میں ڈوب گئے، جس سے تاجروں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا اور شہریوں کا جینا محال ہو گیا۔ اس صورحال نے یہ تلخ سوال اٹھا دیا ہے کہ اگر فنڈز ایمانداری سے نالوں کی صفائی پر لگے تھے، تو شہر سیکنڈوں میں زیر آب کیوں آ گیا؟ عوام کا خون پسینا اور ٹیکس کا پیسہ نالوں کی گاد نکالنے پر خرچ ہوا یا افسران کی تجوریاں بھرنے میں استعمال ہوا؟ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلدیہ گوجرخان کے اندر ہونے والی اس مبینہ لوٹ مار کا فوری نوٹس لیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایک اعلیٰ سطحی غیر جانبدار انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جو سابق سی او بلدیہ طارق ضیاء اور ان کے منظورِ نظر افسران کے دور کا مکمل فرانزک آڈٹ کرے۔ اس بندر بانٹ میں شامل ہر چھوٹے بڑے مہرے کو بے نقاب کر کے پبلک منی کا ایک ایک پیسہ برآمد کیا جائے، تاکہ وزیر اعلیٰ کے ہاؤس کلیننگ ویژن کا مذاق اڑانے والے راشی افسران کو نشانِ عبرت بنایا جا سکے

More posts