Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • ‎بی بی سی اردو کی رپورٹنگ پر تنقید، دہشت گردوں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاحات پر سوالات

    ‎بی بی سی اردو کی رپورٹنگ پر تنقید، دہشت گردوں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاحات پر سوالات

    بی بی سی اردو کی رپورٹنگ کے انداز پر ایک بار پھر سوالات اٹھائے گئے ہیں، جہاں ناقدین نے دہشت گردی سے متعلق خبروں میں استعمال ہونے والی اصطلاحات اور زبان پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
    ‎تنقید میں کہا گیا ہے کہ یہ سوال اہم ہے کہ بی بی سی اردو دہشت گرد گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے واضح طور پر انہیں "دہشت گرد” قرار دینے کے بجائے "شدت پسند” اور "عسکریت پسند” جیسی اصطلاحات کیوں استعمال کرتا ہے۔
    ‎بیان میں مزید کہا گیا کہ رپورٹنگ کے دوران دہشت گردوں کے لیے بار بار احترام پر مبنی الفاظ جیسے "انہوں” اور "ان” کا استعمال بھی قابلِ غور ہے، جس سے ادارے کی اداراتی پالیسی اور خبر نویسی کے انداز پر سوالات جنم لیتے ہیں۔
    ناقدین کے مطابق بی بی سی نے پاک فوج کے جوانوں کیلئے شہید کی بجائے ہلاک کا لفظ استعمال کیا جوکہ پاک فوج کے احترام کے خلاف بات ہے۔
    ناقدین کے مطابق دہشت گردی جیسے حساس موضوع پر میڈیا کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ حقائق کو واضح، درست اور یکساں انداز میں پیش کرے۔ ان کا مؤقف ہے کہ غیر جانبداری کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ایسے معاملات میں وضاحت اور درست اصطلاحات کو نظر انداز کر دیا جائے۔
    ‎بیان میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایسے ادارے سے وابستہ پاکستانی صحافیوں کی موجودگی کے باوجود بعض اداراتی فیصلے ایسے سوالات کو جنم دیتے ہیں جو رپورٹنگ کے معیار اور ادارتی پالیسی پر بحث کو مزید تقویت دیتے ہیں۔
    ‎یہ مؤقف سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں بعض صارفین واضح اصطلاحات کے استعمال کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ دیگر صحافتی غیر جانبداری کے اصولوں پر زور دے رہے ہیں۔

  • ‎ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر سنجیدہ غور، وزیر پیٹرولیم

    ‎ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر سنجیدہ غور، وزیر پیٹرولیم

    ‎وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے کے امکان پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ ملک کی توانائی کی ضروریات کم لاگت پر پوری کی جا سکیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
    ‎لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو سستی توانائی کی فراہمی ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف متبادل ذرائع اور علاقائی مواقع کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں اخراجات کم کیے جا سکیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی قوانین اور سفارتی تقاضوں کے مطابق ایران سے کم قیمت پر تیل اور گیس کی درآمد ممکن ہوئی تو اس سے پاکستان کے درآمدی بل میں نمایاں کمی آئے گی، زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
    ‎علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، خطے کی صورتحال اور سپلائی چین پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ جنگ بندی کے بعد عالمی توانائی مارکیٹ میں کچھ استحکام ضرور آیا ہے، تاہم قیمتیں ابھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئیں، اسی لیے حکومت ہر ایسے آپشن پر غور کر رہی ہے جس سے ملک کو سستی توانائی حاصل ہو سکے۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی پیٹرولیم ضروریات کا بڑا حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے خام تیل یا قدرتی گیس کی کم قیمت پر دستیابی نہ صرف توانائی کے شعبے کے لیے فائدہ مند ہوگی بلکہ اس کے اثرات معیشت کے دیگر شعبوں پر بھی مثبت انداز میں مرتب ہوں گے۔
    ‎وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں ایسے فیصلے کرے گی جو قومی مفاد، معاشی استحکام اور عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کم قیمت پر درآمدات ممکن ہوئیں تو اس کا براہ راست فائدہ صارفین تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو بھی حاصل ہوں۔

  • ‎سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک

    ‎سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 14 افراد ہلاک

    ‎سعودی عرب کے مشرقی علاقے رأس تنورہ میں سعودی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
    ‎غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ آرامکو کی آف شور آپریشنز سے متعلق معمول کی پرواز کے دوران پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد جائے وقوعہ پر امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
    ‎ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوئے، تاہم حکام نے تاحال ہلاکتوں کی مکمل تفصیلات یا متاثرہ افراد کی شناخت جاری نہیں کی۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔ سعودی حکام اور آرامکو کے متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
    ‎رأس تنورہ سعودی عرب کے اہم ترین صنعتی اور تیل برآمدی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں سعودی آرامکو کی بڑی آئل ریفائنری اور برآمدی ٹرمینلز موجود ہیں۔ اس علاقے کو عالمی توانائی کی فراہمی میں بھی اہم حیثیت حاصل ہے۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی اصل وجوہات اور مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

  • ‎مراد علی شاہ: سندھ کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے

    ‎مراد علی شاہ: سندھ کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ تمام زبانیں بولنے والوں کا مشترکہ گھر ہے اور اس دھرتی نے ہمیشہ ہر آنے والے کو اپنایا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ سندھ کو دل سے قبول کریں کیونکہ یہ محبت، رواداری اور بھائی چارے کی سرزمین ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مختلف زبانیں بولنے والے عوام کے نمائندے موجود ہیں اور ایوان میں اپوزیشن کو نہ صرف برابر بلکہ کئی مواقع پر حکومت سے بھی بہتر اظہارِ خیال کا موقع دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری روایات کے فروغ کے لیے حکومت ہر رکن کے حق کا احترام کرتی ہے۔
    ‎وزیراعلیٰ سندھ نے مالی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال سندھ کو 2095 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایف بی آر نے یہ رقم کم کرکے 1926 ارب روپے کر دی، جس کے باعث صوبے کو تقریباً 150 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ کو 1750 ارب روپے موصول ہوئے ہیں جبکہ باقی رقم کی ادائیگی کا انتظار ہے اور مالی سال کے اختتام پر اصل صورتحال واضح ہو جائے گی۔
    ‎مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو 8.48 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے اور ایک ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے، جن سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت سندھ نے بھی وفاق کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔
    ‎اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی اپوزیشن وفاقی حکومت کی اتحادی ہے، اس لیے صرف تنقید کے بجائے وفاق سے صوبے کے حقوق کے لیے بھی آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سندھ میں ہونے والے ترقیاتی منصوبے نہیں دیکھ پا رہا تو مسئلہ نظر کا نہیں بلکہ نیت کا ہے۔
    ‎مراد علی شاہ نے کہا کہ بانیانِ پاکستان میں سب کے بزرگ شامل تھے اور ہجرت کے بعد سندھ نے لاکھوں لوگوں کو اپنے سینے سے لگایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر مل کر کام کرنا ہوگا۔
    ‎انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اس سال پہلی مرتبہ گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہونے جا رہا ہے، جس کے بعد صوبے کو دیگر علاقوں سے گندم منگوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی کسانوں کی محنت اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

  • ‎یورپ میں شدید گرمی کے بعد پیرس میں موسلا دھار بارش، طوفان کی وارننگ جاری

    ‎یورپ میں شدید گرمی کے بعد پیرس میں موسلا دھار بارش، طوفان کی وارننگ جاری

    ‎پیرس: یورپ میں کئی روز تک جاری رہنے والی شدید گرمی کے بعد موسم نے اچانک کروٹ لے لی۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی جس کے باعث حکام نے طوفان کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق شدید گرمی کے بعد فضا میں اچانک تبدیلی آئی اور بادل برس پڑے، جس سے متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں، گرج چمک اور مزید بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
    ‎فرانس میں حالیہ ہیٹ ویو نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کیے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شدید گرمی کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر گرمی سے متعلق بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
    ‎دوسری جانب اسپین بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران 327 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں بزرگ افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا شہریوں اور کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد کی ہوئیں۔
    ‎یورپ کے دیگر ممالک بھی غیر معمولی گرمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ آسٹریا، اٹلی، ہنگری اور چیک ریپبلک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، جس کے باعث متعدد شہروں میں ہیلتھ الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے، زیادہ پانی پینے اور بچوں و بزرگوں کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
    ‎ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے بعد آنے والی اچانک بارشیں اور طوفانی نظام موسمی عدم استحکام کی علامت ہیں۔ ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مستقبل میں ایسے انتہائی موسمی واقعات کی شدت اور تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
    ‎یورپی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

  • ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے خفیہ دستاویزات کیس میں جرم قبول کر لیا

    ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے خفیہ دستاویزات کیس میں جرم قبول کر لیا

    ‎واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے خفیہ سرکاری دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کے مقدمے میں جرم قبول کر لیا ہے۔
    ‎77 سالہ جان بولٹن نے میری لینڈ کی وفاقی عدالت میں پیش ہو کر ایک الزام تسلیم کرتے ہوئے جج سے کہا، "مجھے اپنے کیے پر افسوس ہے۔”
    ‎عدالتی دستاویزات کے مطابق جان بولٹن پر گزشتہ برس اکتوبر میں خفیہ معلومات محفوظ رکھنے اور بعض معلومات دوسروں تک پہنچانے سمیت مجموعی طور پر 18 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں ان کی ذاتی نوٹس اور سرکاری دور کے ریکارڈ بھی شامل تھے، جنہیں انہوں نے اپنی یادداشتیں تحریر کرتے وقت استعمال کیا۔
    ‎امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ہونے والے پلی بارگین معاہدے کے تحت بولٹن کو ممکنہ طور پر جیل سے ریلیف مل سکتا ہے، تاہم حتمی سزا کا فیصلہ وفاقی جج تھیوڈور چوانگ 28 اکتوبر کو سنائیں گے۔
    ‎معاہدے کے مطابق جان بولٹن پر 2.25 ملین ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، جبکہ سفارش کی گئی ہے کہ اگر قید کی سزا دی جائے تو اس کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہ ہو۔
    ‎واضح رہے کہ جان بولٹن حالیہ برسوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت ناقد رہے ہیں اور ماضی میں انہوں نے ٹرمپ پر اپنے سیاسی مخالفین کو دباؤ میں لانے کی کوششوں کا بھی الزام عائد کیا تھا۔

  • مانچسٹر ایئرپورٹ پر خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ، ملزم کو ساڑھے تین سال قید

    مانچسٹر ایئرپورٹ پر خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ، ملزم کو ساڑھے تین سال قید

    ‎لندن: برطانیہ کی ایک عدالت نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے 21 سالہ محمد فہیر اماز کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔
    ‎عدالتی کارروائی کے مطابق ملزم نے پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ کے چہرے پر زور دار مکا مارا، جس سے وہ زمین پر گر گئیں اور ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ ملزم نے ایک اور خاتون پولیس اہلکار ایلی کُک پر بھی حملہ کیا۔
    ‎عدالت نے ملزم کو اس سے قبل ایئرپورٹ کے اسٹاربکس کیفے میں ایک شہری پر حملہ کرنے کے جرم میں بھی قصوروار قرار دیا۔
    ‎سزا سنائے جانے کے موقع پر پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ نے عدالت میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا، "مجھے غور سے دیکھو، تم نے ایک خاتون پر حملہ کیا، ایک ہی مکے سے مجھے زمین پر گرا دیا اور میری ناک توڑ دی۔ اگر یہی حرکت کوئی شخص تمہاری والدہ کے ساتھ کرتا تو تم پر کیا گزرتی؟”
    ‎عدالت نے حملے کو "بزدلانہ اور ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

  • ای او بی آئی میں کروڑوں روپے کی پنشن فراڈ، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا

    ای او بی آئی میں کروڑوں روپے کی پنشن فراڈ، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا

    ‎لاہور: ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور بڑا کیس سامنے آ گیا، جہاں جعلی دعویداروں کو لاکھوں روپے کی پنشن جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
    ‎وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور نے مبینہ طور پر 26 لاکھ روپے مالیت کی جعلی پنشن کلیمز کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جعلی مستحقین کے نام پر پنشن کی ادائیگیاں کی گئیں، جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
    ‎مقدمے میں ای او بی آئی لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکر آفتاب نسیم، نائب قاصد عمر اسلم، نائب قاصد عثمان علی، ان کی والدہ، بہنوں اور دیگر خواتین کو نامزد کیا گیا ہے۔
    ‎ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پر جعلی دعویداروں کے ذریعے غیر قانونی طور پر پنشن حاصل کرنے اور سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے الزامات ہیں۔ ادارے نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
    ‎حکام کے مطابق اگر تحقیقات میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • ‎بیجنگ میں بلند عمارت سے چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا

    ‎بیجنگ میں بلند عمارت سے چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا

    ‎بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا طیارہ شہر کی ایک بلند عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارے کا ملبہ نیچے گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق حادثہ 109 منزلہ عمارت کے قریب پیش آیا، جہاں تصادم کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
    ‎حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ تاحال جانی نقصان یا زخمیوں سے متعلق کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
    ‎واقعے کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے نقصان کا جائزہ لینے اور مزید معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف ہیں۔

  • لاہور: گھریلو تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم فرار

    لاہور: گھریلو تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم فرار

    ‎لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے شالیمار میں گھریلو تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں ایک بھائی نے فائرنگ کر کے اپنے ہی بھائی کو قتل کر دیا۔
    ‎پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس میں ملزم نے 45 سالہ شاہد پر فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
    ‎واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔