لندن: برطانیہ کی ایک عدالت نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے 21 سالہ محمد فہیر اماز کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالتی کارروائی کے مطابق ملزم نے پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ کے چہرے پر زور دار مکا مارا، جس سے وہ زمین پر گر گئیں اور ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ ملزم نے ایک اور خاتون پولیس اہلکار ایلی کُک پر بھی حملہ کیا۔
عدالت نے ملزم کو اس سے قبل ایئرپورٹ کے اسٹاربکس کیفے میں ایک شہری پر حملہ کرنے کے جرم میں بھی قصوروار قرار دیا۔
سزا سنائے جانے کے موقع پر پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ نے عدالت میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا، "مجھے غور سے دیکھو، تم نے ایک خاتون پر حملہ کیا، ایک ہی مکے سے مجھے زمین پر گرا دیا اور میری ناک توڑ دی۔ اگر یہی حرکت کوئی شخص تمہاری والدہ کے ساتھ کرتا تو تم پر کیا گزرتی؟”
عدالت نے حملے کو "بزدلانہ اور ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
مانچسٹر ایئرپورٹ پر خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ، ملزم کو ساڑھے تین سال قید
