Baaghi TV

Blog

  • ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی آج اسلام آباد متوقع

    ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کی آج اسلام آباد متوقع

    اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آج رات مختصر وفد کے ہمراہ اسلام آباد آمد متوقع ہے، جہاں وہ اہم سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کی آمد کا مقصد پاکستان کی مصالحتی ٹیم کے ساتھ اہم مذاکرات کرنا ہے، جن کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں امن مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، اور اسلام آباد ایک بار پھر اہم عالمی مذاکراتی مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔

    دوسری جانب امریکا کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لیے پہلے ہی اسلام آباد میں موجود ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ممکنہ مذاکرات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

  • سانحہ گل پلازہ ،کمیشن رپورٹ مل گئی،ذمہ داروں کیخلاف کاروائی ہو گی،وزیراعلیٰ سندھ

    سانحہ گل پلازہ ،کمیشن رپورٹ مل گئی،ذمہ داروں کیخلاف کاروائی ہو گی،وزیراعلیٰ سندھ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ موصول ہوگئی، جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کیخلاف کارروائی کریں گے، شاہراہ بھٹو کا اگلے ماہ افتتاح کریں گے، یونیورسٹی روڈ بھی جلد مکمل ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ افسوسناک تھا، قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، لوگوں کی ساری زندگی کی کمائی ختم ہوگئی، لواحقین کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا، 63 کیسز میں ادائیگی ہوچکی ہے، ہر دکاندار کو فوری 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا متاثرین کیلئے 7 ارب رکھے گئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ متاثرین سانحہ گل پلازہ کا نقصان پورا کیا جائے گا، 200 متاثرین میں 511.7 ملین روپے تقسیم کیے گئے، کے سی سی آئی کے مطابق 1209 دکانیں تھیں، سانحہ گل پلازہ پر کسی کو ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے، گل پلازہ کی عمارت کو دوبارہ بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کابینہ میں پیش ہوئی، ایک کمیٹی بنائی ہے وہ رپورٹ پر سفارشات پیش کرے گی، رپورٹ میں جس کی غلطی ہوگی اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ بھٹو کا اگلے مہینے افتتاح کریں گے، لوگ پوچھتے ہیں یونیورسٹی روڈ کب بنے گی؟، یونیورسٹی روڈ کو جلد مکمل کریں گے۔

  • بھارت ،بیٹے کا خاتون سے تعلق والد پر بھاری پڑا،تشدد،پیشاب پلا دیا گیا

    بھارت ،بیٹے کا خاتون سے تعلق والد پر بھاری پڑا،تشدد،پیشاب پلا دیا گیا

    بھوبال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع رائے سین میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک 70 سالہ بزرگ کو بیٹے کے مبینہ تعلق کی وجہ سے ہجوم نے اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے زبردستی پیشاب پینے پر مجبور کر دیا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ شخص، بہاری بنجارہ، گاؤں اگاریا مارکھو کا رہائشی ہے۔ اس پر حملہ اس وقت کیا گیا جب اس کے بیٹے نے مبینہ طور پر ہمسایہ ضلع ودیشا کے علاقے شمش آباد کی ایک خاتون کے ساتھ فرار ہونے کی کوشش کی۔شکایت کے مطابق 10 سے 12 افراد پر مشتمل گروہ نے پہلے بنجارہ کے گھر پر دھاوا بولا، اسے اور اس کی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، پھر بزرگ کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ بعد ازاں اسے تقریباً 150 کلومیٹر دور ضلع راج گڑھ کے علاقے بیاورا منتقل کیا گیا جہاں اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بوتل میں پیشاب پلا دیا گیا۔

    متاثرہ بزرگ نے بیان میں کہا،“انہوں نے مجھے بری طرح مارا پیٹا اور زبردستی پیشاب پلایا۔ میں انصاف چاہتا ہوں۔”واقعے کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ملزمان نے اس تمام عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس سے متاثرہ خاندان کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔اہل خانہ کے مطابق ابتدائی طور پر پولیس نے کارروائی نہیں کی۔ بنجارہ کی بہو گیتا بائی نے الزام لگایا کہ ملزمان نے نہ صرف ان کے سسر کو اغوا کیا بلکہ گھر والوں کو بھی دھمکیاں دیں۔بعد ازاں متاثرہ شخص بھوبال پہنچا اور پولیس کے اعلیٰ حکام کو باقاعدہ درخواست دے کر وائرل ویڈیو بطور ثبوت پیش کی، جس کے بعد کیس نے توجہ حاصل کی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف اضلاع کی پولیس مشترکہ کارروائی کر رہی ہے۔ ایس ڈی او پی پرتیبھا شرما کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا

  • ججوں کے تبادلے پرکمیشن اجلاس بلانے کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی غیر رسمی درخواستیں مسترد

    ججوں کے تبادلے پرکمیشن اجلاس بلانے کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی غیر رسمی درخواستیں مسترد

    چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کےججوں کے تبادلے کے معاملے پر کمیشن کا اجلاس بلانےکی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی غیر رسمی درخواستیں مسترد کردیں۔

    چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو تحریری جواب میں لکھا کہ ججوں کےتبادلےکے لیےکمیشن اجلاس بلانےکی درخواست قبول نہیں کی جاسکتی، بغیر وجہ تبادلہ جج کو سزا دینے کے مترادف ہوگالہٰذا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مخصوص مقصد کے لیے بلانا ممکن نہیں،سندھ سےتعلق رکھنے والےججوں کی واپسی وفاقی توازن کے خلاف ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں صوبوں کی نمائندگی ختم ہوجائےگی،اسلام آباد ہائیکورٹ ایکٹ 2010 کے تقاضے متاثر ہوں گے اور 9 میں سے5 ججوں کے تبادلے سےعدالتی نظام متاثرہوسکتاہے ،متعدد آسامیوں کے خالی ہونے سے عدالتی غیریقینی صورتحال پیدا ہوجائےگی، ہائیکورٹ ججوں کے تبادلےکے لیےکوئی واضح وجہ یا ادارہ جاتی ضرورت بیان نہیں کی گئی، آئین کسی جج کو ہٹانےکا آرٹیکل209 میں واضح طریقہ کار فراہم کرتاہے

    نجی ٹی وی کے مطابق خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 209 کے تحت ہی جج کے خلاف کارروائی ممکن ہے، ججوں کے انتظامی تبادلے کرنا آئین کے منافی ہوگا، ایسا کرنے سے عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری متاثرہوسکتی ہے لہٰذا ججوں کو قابلِ تبادلہ انتظامی افسر سمجھنا خطرناک رجحان ہوگا، ایسےتبادلےعدالتی نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، سیکرٹری جوڈیشل کمیشن اجلاس بلانے کے مجاز ہیں،7 اپریل2026کو ایک تہائی ارکان کی اجلاس بلانےکی ہاتھ سےلکھی ریکوزیشن موصول ہوئی، ایک تہائی ارکان کی ریکوزیشن پر آرٹیکل175اےکے تحت سیکرٹری اجلاس طلب کرسکتے ہیں، تبادلےکےلیےاجلاس بلانےکی وجوہات کمیشن کےتمام ارکان کوبھجوائی جائیں

  • لاہور، 3 بچے قتل کیس، ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور، 3 بچے قتل کیس، ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری نے 3 کمسن بچوں کے مبینہ قتل کے کیس میں گرفتار ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ ارشاد حسین نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے ملزمہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ پولیس نے ملزمہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
    تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ کے ڈی این اے، پولی گرافک اور میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں گے تاکہ کیس کی مزید تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔

    گزشتہ روز لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایک گھر سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمہ کو گھر سے باہر جاتے اور بعد میں واپس آ کر اہل علاقہ کے ساتھ 15 پر کال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد تینوں بچوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، جنہیں بعد ازاں آبائی علاقے جھنگ منتقل کر دیا گیا۔

    ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امِ حبیبہ شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔تحقیقات میں یہ ہولناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ تینوں بچوں کی مبینہ قاتل ان کی اپنی ماں ہے، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔

  • ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستان کی قیادت سے رابطہ

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستان کی قیادت سے رابطہ

    ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ جنگ بندی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔ ان رابطوں میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران جنگ بندی سے متعلق امور اور سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مختلف ممالک کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں امن کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • بشریٰ انصاری نے دبئی گولڈن ویزا لینے سے انکار کی وجہ بتا دی

    بشریٰ انصاری نے دبئی گولڈن ویزا لینے سے انکار کی وجہ بتا دی

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے دبئی کے گولڈن ویزا کی پیشکش قبول نہ کرنے کی وجہ واضح کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

    حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کے دوران انہوں نے دبئی کے گولڈن ویزا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں یہ پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔اداکارہ کے مطابق متحدہ عرب امارات خصوصاً دبئی میں اگرچہ دولت اور سہولیات کی فراوانی ہے، لیکن ان کے خیال میں وہاں تعلیمی اور فکری ترقی کے لیے وہ ادارے موجود نہیں جو ایک مضبوط علمی معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں، جیسے عالمی معیار کی بڑی جامعات۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگر اس نوعیت کے ادارے قائم کیے جاتے تو وہاں کے لوگ مزید علمی اور فکری طور پر مضبوط ہوتے اور دنیا کو بہتر انداز میں مقابلہ دے سکتے۔انہوں نے دبئی کے بارے میں اپنے ذاتی مشاہدات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہر چیز برانڈڈ اور مہنگی نظر آتی ہے، لوگ مہنگے پرفیوم، بیگز اور دیگر لگژری اشیاء استعمال کرتے ہیں، جس سے انہیں وہاں کا ماحول کچھ حد تک مصنوعی محسوس ہوتا ہے۔

    اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں گولڈن ویزا کی پیشکش ایک ٹریول ایجنٹ کی جانب سے مفت بھی کی گئی تھی، تاہم انہوں نے ذاتی دلچسپی نہ ہونے اور رشتے دار نہ ہونے کے باعث یہ پیشکش قبول نہیں کی۔

  • بارہ سالہ وارنٹی میں خریدا گیا ریفریجریٹر تین سال بھی نہ چلا ،عدالت کا بڑا فیصلہ

    بارہ سالہ وارنٹی میں خریدا گیا ریفریجریٹر تین سال بھی نہ چلا ،عدالت کا بڑا فیصلہ

    کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کراچی ،بارہ سالہ وارنٹی میں خریدا گیا ریفریجریٹر تین سال بھی نا چلا ،کنزیومر پروٹیکشن کورٹ نے شہری کے حق میں فیصلہ سنادیا ،عدالت نے نجی کمپنی (ڈاولینس) کو شہری کو نیا ریفریجریٹر کا حکم دے دیا،عدالت نے نجی کمپنی پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا

    عدالتی فیصلے عمل درآمد نا کرنے پر پر نجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر احسن کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ،عدالت نے نجی کمپنی کے سی ای او کے دس ہزار روپے مالیت کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ، ایس ایچ او تھانہ سول لائن کو 7 مئی تک وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت کردی،عدالت نے نجی کمپنی کے سی ای او عمر احسن کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا ،عدالت نے دو فروری 2026 کو شہری کے حق میں فیصلہ دیا تھا

    درخواست گزار نے کہا کہ نجی کمپنی کی جانب سے تاحال عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا ہے ،تین دسمبر 2021 کو مقامی دوکان دار سے ریفریجریٹر خریدا تھا دوکان دار نے ریفریجریٹر کی 12 سال کی وارنٹی دی تھی ،تاہم ریفریجریٹر 8 جنوری 2024 کو ریفریجریٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا،ریفریجریٹر کے خراب ہونے کی شکایت درج کرائی کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ ریفریجریٹر کی وارنٹی ایک سال تھی ،اب مرمت کے 9 ہزار 9 سو روپے ادا کرنے پڑیں گے

  • تیل تنصیبات پر حملوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا،ایران

    تیل تنصیبات پر حملوں کا بھر پور جواب دیا جائے گا،ایران

    ایران نے امریکی دھمکیوں کے جواب میں سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی۔

    ایران کے نائب صدر اسماعیل ثاقب اصفہانی نے مقامی خبر ایجنسی کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کوئی اور غلطی کی تو ایران کی حکمت عملی "اینٹ کا جواب پتھر” ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران کے کسی بھی آئل ویل پر حملہ کیا گیا تو ان ممالک کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا جہاں سے حملہ کیا گیا ہوگا۔اسماعیل ثاقب اصفہانی کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو توانائی کی فراہمی کے حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت نے اس سلسلے میں ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں اور ہر ممکن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تہران کی مذاکراتی ٹیم نے مذاکرات کی میز پر دشمن پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔

    دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی تیل اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں بارہا دی جا چکی ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے کسی بھی اقدام سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ اور صورتحال میں شدید بگاڑ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

  • صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کا آئل ٹینکر پر قبضہ، 11 پاکستانی عملہ یرغمال

    صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کا آئل ٹینکر پر قبضہ، 11 پاکستانی عملہ یرغمال

    صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں نے حملہ کرکے آئل ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا، جس پر 11 پاکستانی عملے کے افراد بھی سوار ہیں۔

    شپنگ ذرائع کے مطابق “اونر 25” نامی جہاز پر 21 اپریل کو مسلح قزاقوں نے دھاوا بولا اور اسے یرغمال بنا لیا۔ حملے کے بعد سے جہاز اور اس پر موجود عملے کے حوالے سے معلومات انتہائی محدود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت بحری امور کے ڈائریکٹوریٹ آف پورٹ کی جانب سے پاکستانی عملے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، جبکہ جہاز کو بھیجنے والی ایجنسی نے بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے، جس سے خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    دوسری جانب نجی ٹی وی جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عملے کے اہل خانہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاز کے انڈونیشین کپتان کی رہائی کے لیے انڈونیشیا کی حکومت قزاقوں سے رابطے میں ہے، تاہم پاکستانی عملے کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔اہل خانہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائے۔