آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے دوران اپنے سیاسی ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر صحت انصار ابدالی بھی پارٹی کا حصہ بن گئے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس کے بعد آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے استحکام پاکستان پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور آزاد کشمیر میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
سردار تنویر الیاس نے اس موقع پر عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک اور آزاد کشمیر کی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی خدمت کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سردار تنویر الیاس اور ان کے قریبی ساتھیوں کی آئی پی پی میں شمولیت آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم تبدیلی ثابت ہو سکتی ہے، جس کے اثرات آنے والے سیاسی منظرنامے پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔
سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
