Baaghi TV


ایس ایم ڈبلیو 5 آبدوز کیبل میں خرابی، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر

‎پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 (SMW-5) آبدوز انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث مختلف علاقوں میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا ہے۔
‎پی ٹی اے کے مطابق خرابی کی نشاندہی کے بعد متعلقہ ادارے اور ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم تکنیکی مسئلے کی وجوہات معلوم کرنے اور اسے جلد از جلد دور کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ انٹرنیٹ سروسز کو معمول پر لایا جا سکے۔
‎ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ صارفین کو کم سے کم متاثر کرنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے سروس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
‎پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ عالمی اداروں اور کنسورشیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ آبدوز کیبل کی بحالی کے متوقع وقت سے متعلق معلومات موصول ہوتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
‎اتھارٹی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ عارضی سست رفتاری یا کنیکٹیویٹی کے مسائل کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، کیونکہ تکنیکی ماہرین خرابی دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
‎واضح رہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ آبدوز فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، اس لیے ایسی کسی بھی کیبل میں خرابی کی صورت میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور رسائی متاثر ہو سکتی ہے۔

More posts