Baaghi TV


مفتی تقی عثمانی آئندہ پانچ سال کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر منتخب

‎وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں ممتاز عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی کو آئندہ پانچ سال کے لیے متفقہ طور پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا صدر منتخب کر لیا گیا، جبکہ قاری حنیف جالندھری کو ناظمِ اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رکھنے کی بھی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔
‎کراچی میں منعقدہ اجلاس سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اجتماعیت، نظمِ جماعت اور اجتماعی قیادت کی اطاعت کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت سے وابستگی رکھنے والے ہر کارکن اور ذمہ دار پر اجتماعی فیصلوں کی پاسداری لازم ہے اور ذاتی رائے کو کبھی بھی اجتماعی نظم پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔
‎مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کامیاب تحریکیں واضح اصولوں، مؤثر حکمت عملی اور مضبوط پالیسیوں کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں، اس لیے جذبات کو ہمیشہ پالیسی کا تابع ہونا چاہیے، نہ کہ پالیسی کو وقتی جذبات کے مطابق تشکیل دیا جائے۔
‎انہوں نے برصغیر کی دینی و سیاسی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقسیم ہند سے قبل امارتِ شرعیہ کے قیام پر حضرت شیخ الحدیثؒ نے اس بنیاد پر اختلاف کیا تھا کہ امارت کے قیام کے لیے اقتدار اور قوت ناگزیر ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ دینی مدارس کے نصاب میں تاریخ کے ساتھ السیاست الاسلامیہ پر بھی مستقل کتاب شامل کی جائے تاکہ علماء کرام اسلامی سیاسی فکر اور عصری تقاضوں سے بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں۔
‎اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمد تقی عثمانی کو آئندہ پانچ برس کے لیے صدر وفاق المدارس اور قاری حنیف جالندھری کو ناظمِ اعلیٰ برقرار رکھنے کی تجویز پیش کی، جسے شرکائے اجلاس نے مکمل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔
‎جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری کے مطابق قائد جمعیت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دینی مدارس کی آزادی، اتحاد امت، نظریاتی تشخص اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد پہلے سے زیادہ قوت اور یکجہتی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
‎محمد اسلم غوری نے مفتی محمد تقی عثمانی اور قاری حنیف جالندھری کو نئی مدت کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں وفاق المدارس دینی تعلیم کے فروغ اور مدارس کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

More posts