یوکرین کے دارالحکومت پر روس کے رات بھر جاری رہنے والے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر21 ہو گئی ہے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فوجی انتظامیہ کے مطابق امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور متاثرین کی تلاش کا کام مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں، مکانات اور شہری انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوئے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکار زخمیوں کو نکالنے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی یوکرین کی حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی اور اس میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم یوکرین سے سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں رہائشی عمارتوں اور شہری علاقوں کو پہنچنے والے شدید نقصان کو دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد روسی دعوؤں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ میں حالیہ دنوں کے دوران حملوں میں نمایاں شدت دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث دونوں ممالک میں جانی و مالی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری نے ایک بار پھر شہری آبادی کے تحفظ اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
روس کے یوکرین پر تازہ حملے، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہو گئی
