Baaghi TV

Blog

  • زندگی میں تبدیلی ضروری،مختصر لباس پہننا چھوڑ دیا ہے،سامعہ حجاب

    زندگی میں تبدیلی ضروری،مختصر لباس پہننا چھوڑ دیا ہے،سامعہ حجاب

    سامعہ حجاب نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی شخص کو اپنی غلطیوں کی اصلاح کا دوسرا موقع نہیں ملتا، جبکہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ہمیشہ توبہ اور بہتری کی راہ اختیار کرنے کا موقع عطا فرماتا ہے۔

    پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر سامعہ حجاب، جو ماضی میں اپنے مبینہ اغوا کی کوشش کے دعوے کے باعث خبروں میں رہی تھیں، ایک بار پھر اپنے حالیہ بیان کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ مبینہ اغوا کے واقعے کے بعد یہ معاملہ عدالت سے باہر طے پا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے بیرونِ ملک سفر شروع کیا اور مختلف تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہیں۔اس دوران ان کے لباس، طرزِ زندگی اور سوشل میڈیا سرگرمیوں پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آتی رہیں۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مبینہ اغوا کے واقعے کو ہمدردی اور شہرت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

    اب سامعہ حجاب نے انسٹاگرام پر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خود کو بدلنا چاہتی ہیں، لیکن انہیں سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید اور ٹرولنگ کا خوف بھی لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اللّٰہ کی خوشنودی کے لیے اپنی زندگی میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے مختصر اور نمایاں لباس پہننا ترک کر دیا ہے اور حجاب اختیار کرنے کی بھی کوشش کی ہے، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ اس فیصلے پر بھی سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔

    سامعہ حجاب نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ان کے نزدیک سوشل میڈیا کسی کو دوسرا موقع نہیں دیتا، جبکہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ہمیشہ توبہ، اصلاح اور نئی شروعات کا موقع عطا فرماتا ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں بعض صارفین نے ان کے فیصلے کو سراہا ہے جبکہ بعض نے مختلف آراء کا اظہار کیا ہے۔

  • پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

    پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

    پنجگور: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر مبنی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کر لیے گئے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس کے دوران چار راکٹ فیوز، متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور دہشتگردانہ سرگرمیوں میں رابطے اور منصوبہ بندی کے لیے استعمال ہونے والا مواصلاتی سامان برآمد ہوا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد اور دیگر سامان علاقے میں تخریبی کارروائی کے لیے استعمال کیا جانا تھا، جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا تھا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے اس مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا اور ایک ممکنہ بڑے سانحے سے بچا لیا۔

    کارروائی کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر عناصر اور سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے اس نیٹ ورک کی نشاندہی کی جا رہی ہے جو اس منصوبے کے پیچھے کارفرما تھا، تاکہ اس کے تمام ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور دہشتگرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق پنجگور میں کی جانے والی یہ کامیاب کارروائی دہشتگردی کے خلاف جاری مہم میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، باہمی رابطے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی مؤثر حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔

  • عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں‌تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

    عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں‌تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

    عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں ایک کارگو جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بھی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئے ہیں۔

    برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق عمان کے ساحل سے تقریباً ساڑھے سات ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود ایک کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،واقعے کے فوری بعد عالمی تیل مارکیٹ میں بے چینی دیکھی گئی اور خام تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد اضافے کے ساتھ 71.92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

    خبر رساں اداروں کے مطابق اس سے ایک روز قبل خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، تاہم عمان کے قریب پیش آنے والے اس حملے نے مارکیٹ کا رجحان یکسر تبدیل کر دیا۔رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد اہم عالمی آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا اور نقل و حرکت سے متعلق بعض اقدامات عارضی طور پر روک دیے گئے، جس کے باعث عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات دوبارہ بڑھ گئے ہیں۔

  • بنوں،سی پیک سرکلر روڈ پر نجی ایمبولینس پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    بنوں،سی پیک سرکلر روڈ پر نجی ایمبولینس پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق

    بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سی پیک سرکلر روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی نجی ایمبولینس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ غوری والا کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے سی پیک روڈ سے گزرنے والی نجی ایمبولینس کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ دہشت گردی معلوم ہوتا ہے، تاہم تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے تاکہ حملے کی نوعیت اور اس کے پس پردہ عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

    حکام کے مطابق ایمبولینس کو نشانہ بنانا انتہائی سنگین اور قابل مذمت فعل ہے، کیونکہ ایمبولینس ایک انسانی خدمت انجام دینے والی گاڑی ہوتی ہے جو مریضوں، زخمیوں اور میتوں کی منتقلی کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ ایسے حملے نہ صرف انسانی جانوں بلکہ بنیادی انسانی اور اخلاقی اقدار پر بھی حملہ تصور کیے جاتے ہیں۔واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

  • کالعدم کمیٹی کی جانب سے  انتشار پھیلانے کی سازش ایک بار پھر بے نقاب

    کالعدم کمیٹی کی جانب سے انتشار پھیلانے کی سازش ایک بار پھر بے نقاب

    کالعدم کمیٹی کی جانب سے عوامی حقوق کی آڑ میں آزاد جموں وکشمیر میں انتشار پھیلانے کی سازش ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی

    آزاد جموں وکشمیر پولیس نے پرتشدد کارروائیوں کیلئے اسلحہ لے جانے والے انتشاری کمیٹی کے عناصر کو گرفتار کر لیا پولیس ذرائع کے مطابق؛ ڈڈیال سے راولاکوٹ اسلحہ لے جانے والے کالعدم انتشاری کمیٹی کے2افراد کو ناکے پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،گرفتار افراد نے انکشاف کیا کہ وہ انتشاری کمیٹی کے شرپسند سرغنہ مہران،امان اور ناظم کیلئے کام کر رہے تھے ، کالعدم کمیٹی کے گرفتارشرپسند نعیم نے اعتراف کیا کہ؛ہم ایکشن کمیٹی کے رکن ہیں اور پہلے بھی توڑ پھوڑ اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث رہےہیں سرغنہ مہران نے ہمیں ڈڈیال سے اسلحہ لے جانے کا حکم دیا تھا ، احتجاج میں موجود افراد کی گاڑیوں کی چابیاں بھی شرپسند مہران اور ناظم نے لے رکھی ہیں تاکہ وہ واپس نہ جا سکیں ، میر پور کے ایک لڑکے کو اغوا کے بعد بدفعلی اور تشدد کا نشانہ اس لئیے بنایا تاکہ وہ ان کیخلاف بیان نہ دے سکے، کالعدم کمیٹی کے گرفتارشرپسند عاقب نے اعتراف کیا کہ؛ انتشاری سرغنہ مہران نے کہا تھا کہ یہ سارا اسلحہ پولیس اور رینجرز کے خلاف استعمال کیا جائے گا ،ہم آئندہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کسی بھی کام میں شامل نہیں ہوں گے اور ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اس طرح کے کسی بھی کام میں شامل نہ ہوں،

  • اڈیالہ جیل میں قیدی کے ساتھ جیل انتظامیہ کی مبینہ "بدفعلی”مقدمے کی درخواست

    اڈیالہ جیل میں قیدی کے ساتھ جیل انتظامیہ کی مبینہ "بدفعلی”مقدمے کی درخواست

    منشیات کے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں قید معاذ ملک کی اہلیہ نےجیل انتظامیہ پر شوہر سے مبینہ بدفعلی کا الزام لگایا ہے، اس ضمن میں قیدی کی اہلیہ نے درخواست دی ہے اور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے

    اسلام آباد میں زیرِ سماعت منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار قیدی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں مبینہ بدفعلی کا سنگین الزام سامنے آیا ہے، جہاں قیدی کی اہلیہ نے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دے کر واقعے کی تحقیقات، میڈیکل معائنہ اور نامزد اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔درخواست کے مطابق سائلہ کے شوہر معاذ ملک تھانہ اے این ایف اسلام آباد کے مقدمہ نمبر 39/26 میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جبکہ تاحال مقدمے کا چالان عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 10 اور 11 جون 2026 کو اڈیالہ جیل کے احاطہ انچارج منیر بلوچ نے مبینہ طور پر قیدی کو بیرک سے نکال کر ایک کمرے میں لے جا کر اس کے ساتھ زبردستی بدفعلی کی۔ درخواست گزار کے مطابق واقعے کے بعد قیدی کو دھمکیاں بھی دی گئیں کہ اگر اس نے کسی کو اس بارے میں بتایا تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 13 جون 2026 کو قیدی نے جیل سے فون پر اپنی اہلیہ کو مبینہ واقعے سے آگاہ کیا، تاہم اگلے روز اتوار کی تعطیل ہونے کے باعث وہ فوری طور پر عدالت سے رجوع نہ کر سکی۔

    سائلہ نے اپنی درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ نامزد اہلکار اب بھی اس کے شوہر کو مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے اور دوبارہ مبینہ بدفعلی کرنے پر اصرار کر رہا ہے، جس کے باعث قیدی شدید خوف و ہراس کا شکار ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس کے شوہر کو اڈیالہ جیل سے طلب کر کے فوری میڈیکل معائنہ کرایا جائے، الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو نامزد اہلکار منیر بلوچ کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں نہ لایا جائے، سعد رفیق کا بلاول کو جواب

    کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں نہ لایا جائے، سعد رفیق کا بلاول کو جواب

    مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں جس انداز سے بلدیاتی انتخابات ہوئے، اس سے بہتر ہے کہ ایسے انتخابات نہ ہی کرائے جائیں۔

    اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ مطالبہ درست ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں بلدیاتی نظام لایا جائے، لیکن یہ نظام کراچی جیسا نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے طرز پر الیکشن کرانے سے بہتر ہے کہ انتخابات نہ کرائے جائیں۔ ان کے مطابق لاہور پر کراچی جیسا بلدیاتی نظام نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔سعد رفیق نے مزید کہا کہ اگر کسی کو ان کے مؤقف کی مزید تفصیل جاننی ہو تو وہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان یا ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کر سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں بلدیاتی حکومتیں موجود ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) بلدیاتی انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی جیسا بلدیاتی نظام لاہور میں بھی نافذ کیا جائے اور اسلام آباد میں بھی بااختیار بلدیاتی نظام قائم کیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اور گلگت بلتستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد 90 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

  • سوات،اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی دم توڑ گئی، دو ملزمان گرفتار

    سوات،اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی دم توڑ گئی، دو ملزمان گرفتار

    سوات: سوات میں اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی دورانِ علاج دم توڑ گئی، جس کے بعد علاقے میں شدید افسوس اور غم کی لہر دوڑ گئی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کے بعد نشہ آور چیز کھلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مضبوط چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق سزا دلائی جا سکے۔

  • صرف کراچی کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔شرمیلا فاروقی

    صرف کراچی کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔شرمیلا فاروقی

    پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی میں شہری مسائل کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے بڑے اور ترقی یافتہ شہروں کو بھی مختلف چیلنجز کا سامنا رہتا ہے، اس لیے صرف کراچی کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

    شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ اس وقت فرانس شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں گرمی کے باعث متعدد افراد نہانے کے لیے پانی میں گئے اور مختلف حادثات میں تقریباً 40 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خدا نہ کرے ایسا ہی کوئی افسوسناک واقعہ کراچی میں پیش آتا تو فوراً وزیراعلیٰ سندھ کے استعفے کا مطالبہ شروع کر دیا جاتا۔شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ گزشتہ سال وہ نیویارک میں موجود تھیں، جہاں شدید بارشوں کے باعث انہیں دو روز تک ہوٹل سے باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔ ان کے بقول نیویارک جیسے ترقی یافتہ شہر میں بھی، جہاں نکاسیٔ آب کا منظم نظام موجود ہے، موسمی حالات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر بڑے شہر میں مختلف نوعیت کے مسائل پیش آتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے مسائل کا حقیقت پسندانہ انداز میں جائزہ لیں، ان کا اعتراف کریں اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہمارے نظام میں خامیاں موجود ہیں، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ شہری مسائل کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل شرمیلا فاروقی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کراچی کا موازنہ پیرس سے کرتے ہوئے کہا تھا کہ "کراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے پیرس میں رہ رہے ہوں”، جس پر انہیں سوشل میڈیا اور مختلف عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • اسرائیلی صدر کے ہیلی کاپٹر سے پرندہ ٹکرا گیا، ہنگامی لینڈنگ

    اسرائیلی صدر کے ہیلی کاپٹر سے پرندہ ٹکرا گیا، ہنگامی لینڈنگ

    مقبوضہ بیت المقدس سے شمالی اسرائیل جانے والے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کے ہیلی کاپٹر کو دورانِ پرواز ایک غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب ایک پرندہ ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا، جس کے باعث پائلٹ کو احتیاطی طور پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر اسحاق ہرزوگ سرکاری دورے پر شمالی اسرائیل جا رہے تھے۔ پرندہ ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد فضائی عملے نے حفاظتی اقدامات کے تحت فوری طور پر قریبی مقام پر ہیلی کاپٹر اتارنے کا فیصلہ کیا۔رپورٹس کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کامیابی سے مکمل ہوئی اور واقعے میں صدر اسحاق ہرزوگ، فضائی عملے یا دیگر کسی بھی شخص کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو معمولی نقصان پہنچا، تاہم احتیاطی معائنے کے لیے اسے سروس سے ہٹا دیا گیا۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہنگامی لینڈنگ کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ کو متبادل ہیلی کاپٹر فراہم کیا گیا، جس کے ذریعے انہوں نے اپنا سفر دوبارہ شروع کیا اور طے شدہ پروگرام کے مطابق اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔فضائی ماہرین کے مطابق پرندوں کے طیاروں یا ہیلی کاپٹروں سے ٹکرانے کے واقعات، جنہیں "برڈ اسٹرائیک” کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں فضائی سفر کے دوران پیش آنے والے عام خطرات میں شمار ہوتے ہیں۔ ایسے حالات میں حفاظتی اصولوں کے مطابق احتیاطی لینڈنگ کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔