Baaghi TV

Blog

  • معرکہ حق، بھارت نے ہلاک چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی

    معرکہ حق، بھارت نے ہلاک چھ فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی

    بھارت نے مئی 2025 میں معرکہ حق کے دوران ہلاک ہونے والے اپنے فوجیوں کی شناخت پہلی بار سرکاری سطح پر ظاہر کر دی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے آپریشن سندور کے دوران مارے جانے والے چھ اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں۔ بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق ان میں بھارتی فوج کے پانچ جبکہ بھارتی فضائیہ کا ایک اہلکار شامل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت نے اس فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت باضابطہ طور پر عوام کے سامنے پیش کی ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق ہلاک فوجیوں میں میجر پون کمار، سنیل کمار ، لانس نائیک دنیش کمار، اگنی ویر ، حوالدار سنیل کمار سنگھ اور فضائیہ کے سارجنٹ سریندر کمار شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ مئی 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے۔ پاکستان کا مؤقف تھا کہ ان حملوں میں معصوم شہری نشانہ بنے۔پاکستان نے اس کارروائی کے جواب میں بھرپور دفاعی ردعمل کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے متعدد جنگی طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ جب بھارت جارحیت سے باز نہ آیا تو چند روز میں پاکستان نے بھارت پر ایسا جوابی وار کیا جس نے اسے نہ صرف بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا بلکہ پاکستان کو بھارت پر عسکری اعتبار سے برتری دلادی۔

    بھارت نے ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود صرف چند فوجیوں کی شناخت ظاہر کی ہے، جبکہ مزید ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں،

  • ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے خفیہ دستاویزات کیس میں جرم قبول کر لیا

    ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے خفیہ دستاویزات کیس میں جرم قبول کر لیا

    ‎واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے خفیہ سرکاری دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کے مقدمے میں جرم قبول کر لیا ہے۔
    ‎77 سالہ جان بولٹن نے میری لینڈ کی وفاقی عدالت میں پیش ہو کر ایک الزام تسلیم کرتے ہوئے جج سے کہا، "مجھے اپنے کیے پر افسوس ہے۔”
    ‎عدالتی دستاویزات کے مطابق جان بولٹن پر گزشتہ برس اکتوبر میں خفیہ معلومات محفوظ رکھنے اور بعض معلومات دوسروں تک پہنچانے سمیت مجموعی طور پر 18 الزامات عائد کیے گئے تھے۔ ان میں ان کی ذاتی نوٹس اور سرکاری دور کے ریکارڈ بھی شامل تھے، جنہیں انہوں نے اپنی یادداشتیں تحریر کرتے وقت استعمال کیا۔
    ‎امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ہونے والے پلی بارگین معاہدے کے تحت بولٹن کو ممکنہ طور پر جیل سے ریلیف مل سکتا ہے، تاہم حتمی سزا کا فیصلہ وفاقی جج تھیوڈور چوانگ 28 اکتوبر کو سنائیں گے۔
    ‎معاہدے کے مطابق جان بولٹن پر 2.25 ملین ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، جبکہ سفارش کی گئی ہے کہ اگر قید کی سزا دی جائے تو اس کی مدت پانچ سال سے زیادہ نہ ہو۔
    ‎واضح رہے کہ جان بولٹن حالیہ برسوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت ناقد رہے ہیں اور ماضی میں انہوں نے ٹرمپ پر اپنے سیاسی مخالفین کو دباؤ میں لانے کی کوششوں کا بھی الزام عائد کیا تھا۔

  • مانچسٹر ایئرپورٹ پر خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ، ملزم کو ساڑھے تین سال قید

    مانچسٹر ایئرپورٹ پر خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ، ملزم کو ساڑھے تین سال قید

    ‎لندن: برطانیہ کی ایک عدالت نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر دو خاتون پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے والے 21 سالہ محمد فہیر اماز کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔
    ‎عدالتی کارروائی کے مطابق ملزم نے پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ کے چہرے پر زور دار مکا مارا، جس سے وہ زمین پر گر گئیں اور ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ ملزم نے ایک اور خاتون پولیس اہلکار ایلی کُک پر بھی حملہ کیا۔
    ‎عدالت نے ملزم کو اس سے قبل ایئرپورٹ کے اسٹاربکس کیفے میں ایک شہری پر حملہ کرنے کے جرم میں بھی قصوروار قرار دیا۔
    ‎سزا سنائے جانے کے موقع پر پولیس کانسٹیبل لیڈیا وارڈ نے عدالت میں اپنا بیان دیتے ہوئے کہا، "مجھے غور سے دیکھو، تم نے ایک خاتون پر حملہ کیا، ایک ہی مکے سے مجھے زمین پر گرا دیا اور میری ناک توڑ دی۔ اگر یہی حرکت کوئی شخص تمہاری والدہ کے ساتھ کرتا تو تم پر کیا گزرتی؟”
    ‎عدالت نے حملے کو "بزدلانہ اور ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

  • ای او بی آئی میں کروڑوں روپے کی پنشن فراڈ، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا

    ای او بی آئی میں کروڑوں روپے کی پنشن فراڈ، ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر لیا

    ‎لاہور: ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور بڑا کیس سامنے آ گیا، جہاں جعلی دعویداروں کو لاکھوں روپے کی پنشن جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
    ‎وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور نے مبینہ طور پر 26 لاکھ روپے مالیت کی جعلی پنشن کلیمز کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جعلی مستحقین کے نام پر پنشن کی ادائیگیاں کی گئیں، جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
    ‎مقدمے میں ای او بی آئی لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکر آفتاب نسیم، نائب قاصد عمر اسلم، نائب قاصد عثمان علی، ان کی والدہ، بہنوں اور دیگر خواتین کو نامزد کیا گیا ہے۔
    ‎ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پر جعلی دعویداروں کے ذریعے غیر قانونی طور پر پنشن حاصل کرنے اور سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے الزامات ہیں۔ ادارے نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
    ‎حکام کے مطابق اگر تحقیقات میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • ‎بیجنگ میں بلند عمارت سے چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا

    ‎بیجنگ میں بلند عمارت سے چھوٹا طیارہ ٹکرا گیا

    ‎بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا طیارہ شہر کی ایک بلند عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارے کا ملبہ نیچے گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
    ‎رپورٹس کے مطابق حادثہ 109 منزلہ عمارت کے قریب پیش آیا، جہاں تصادم کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
    ‎حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ تاحال جانی نقصان یا زخمیوں سے متعلق کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
    ‎واقعے کے بعد عمارت اور اطراف کے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے نقصان کا جائزہ لینے اور مزید معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف ہیں۔

  • لاہور: گھریلو تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم فرار

    لاہور: گھریلو تنازع پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ملزم فرار

    ‎لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے شالیمار میں گھریلو تنازع خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، جہاں ایک بھائی نے فائرنگ کر کے اپنے ہی بھائی کو قتل کر دیا۔
    ‎پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس میں ملزم نے 45 سالہ شاہد پر فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
    ‎واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر لیے۔
    ‎پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • یورپ میں شدید ہیٹ ویو سے اموات 264 تک پہنچ گئیں، اسپین سب سے زیادہ متاثر

    یورپ میں شدید ہیٹ ویو سے اموات 264 تک پہنچ گئیں، اسپین سب سے زیادہ متاثر

    ‎یورپ کے مختلف ممالک شدید گرمی اور غیر معمولی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں جان لیوا موسم کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 264 ہو گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ برساتے سورج اور مسلسل بلند درجہ حرارت نے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں، جبکہ اسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز پر بھی شدید دباؤ ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اسپین ہے، جہاں صرف چار روز کے دوران 212 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
    ‎فرانس میں شدید گرمی کے باعث تین سالہ بچے سمیت 52 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دارالحکومت پیرس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے 25 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کے باعث دو ایٹمی ری ایکٹر بھی عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
    ‎برطانیہ میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور گرمی سے متعلق طبی مسائل میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صرف ایک دن میں ایمبولینس سروس کو 642 جان لیوا نوعیت کی ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جبکہ متعدد اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ بعض اسپتالوں میں کولنگ سسٹم متاثر ہونے سے طبی آلات نے بھی کام کرنا بند کر دیا، جس کے باعث غیر ہنگامی آپریشنز اور اسکین مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
    ‎ادھر سوئٹزرلینڈ میں گرمی نے گزشتہ 80 برس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جبکہ نیدرلینڈز نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
    ‎ماہرین موسمیات کے مطابق یورپ پر چھایا ہوا ہیٹ ڈوم اس غیر معمولی گرمی کی بنیادی وجہ ہے، جو گرم ہوا کو ایک ہی علاقے میں قید رکھتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ موسمیاتی صورتحال 2003 کی تباہ کن ہیٹ ویو کی یاد دلا رہی ہے، جس میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کئی مغربی ممالک میں ایئر کنڈیشننگ کا محدود استعمال بھی ہلاکتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ بن سکتا ہے۔

  • ایران معاہدے کے بعد خلیجی ممالک کو امریکا پر اعتماد کم ہونے لگا

    ایران معاہدے کے بعد خلیجی ممالک کو امریکا پر اعتماد کم ہونے لگا

    ‎ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد خلیجی عرب ممالک میں امریکی سیکیورٹی ضمانتوں سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خطے کے ممالک اب اپنی دفاعی حکمت عملی اور مستقبل کی سلامتی کے حوالے سے نئے سرے سے غور کر رہے ہیں۔
    ‎مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران خطے میں پیش آنے والے واقعات، خصوصاً ایران سے کشیدگی اور حالیہ جنگ، نے خلیجی ممالک کو یہ سوچنے پر مجبور کیا ہے کہ آیا امریکا مستقبل میں بھی پہلے کی طرح ان کی سلامتی کا ضامن رہے گا یا نہیں۔
    ‎امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے حالیہ خلیجی دورے کے دوران متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کی قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں ان کے مفادات کو مکمل اہمیت دی جائے گی اور امریکا اپنے اتحادیوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
    ‎اس کے باوجود خطے کے کئی ممالک معاہدے کی بعض شقوں پر تحفظات رکھتے ہیں، خاص طور پر ایران کے میزائل پروگرام اور علاقائی اثر و رسوخ سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں۔ اسی تناظر میں بعض خلیجی ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور اسلحے کے متبادل ذرائع تلاش کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ خلیجی ممالک خطے میں امن اور کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں، تاہم وہ اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے صرف سفارت کاری پر انحصار نہیں کرنا چاہتے۔ ان کے نزدیک مضبوط دفاعی صلاحیت اور علاقائی تعاون مستقبل کے استحکام کے لیے ناگزیر ہوگا۔

  • یورپی یونین اجلاس میں سوئیڈش وزیر اپنے تین ماہ کے بیٹے کے ساتھ شریک، نئی مثال قائم

    یورپی یونین اجلاس میں سوئیڈش وزیر اپنے تین ماہ کے بیٹے کے ساتھ شریک، نئی مثال قائم

    ‎لکسمبرگ: یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں اس وقت ایک منفرد منظر دیکھنے میں آیا جب سوئیڈن کی وزیرِ ماحولیات رومینا پورموختاری اپنے تین ماہ کے بیٹے ایڈم کو ساتھ لے کر اجلاس میں شریک ہوئیں۔ انہوں نے اجلاس میں خطاب بھی کیا اور دورانِ اجلاس اپنے شیر خوار بچے کی دیکھ بھال بھی کرتی رہیں، جس نے شرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
    ‎برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رومینا پورموختاری نے کہا کہ ان کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ والدین، خصوصاً خواتین، کو ایسی پالیسیاں اور سہولیات میسر ہونی چاہئیں جو انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور خاندانی زندگی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور نہ کریں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ خواتین بیک وقت کامیاب پیشہ ور اور اچھی ماں بن سکتی ہیں، بشرطیکہ گھر میں ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم ہو اور شریکِ حیات بھی بچوں کی پرورش میں بھرپور کردار ادا کرے۔
    ‎یورپی یونین کونسل کے ایک عہدیدار کے مطابق ادارے کی معلومات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی شیر خوار بچے نے یورپی یونین کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی ہو۔
    ‎30 سالہ رومینا پورموختاری 2022 میں وزارت سنبھالنے کے بعد سوئیڈن کی تاریخ کی کم عمر ترین وزیر بنیں۔ وہ حال ہی میں والدین کی رخصت مکمل کر کے واپس آئی ہیں، جبکہ ان کے شوہر اس وقت پیرنٹل لیو پر ہیں اور بیٹے ایڈم کی دیکھ بھال کے لیے ان کے ہمراہ لکسمبرگ بھی آئے۔
    ‎واضح رہے کہ سوئیڈن دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں والدین کو تنخواہ کے ساتھ طویل مدت کی پیرنٹل لیو دی جاتی ہے۔ اس نظام کے تحت والد اور والدہ دونوں کے لیے مخصوص مدت کی رخصت مختص ہوتی ہے تاکہ دونوں بچوں کی پرورش میں برابر کا کردار ادا کریں۔

  • وینزویلا میں پرانی اور غیر معیاری عمارتیں زلزلے میں بڑے جانی نقصان کی وجہ بنیں، ماہرین

    وینزویلا میں پرانی اور غیر معیاری عمارتیں زلزلے میں بڑے جانی نقصان کی وجہ بنیں، ماہرین

    ‎کاراکاس: ماہرین کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے دوران بڑے پیمانے پر عمارتوں کے منہدم ہونے کی ایک بڑی وجہ کئی دہائیوں سے جاری معاشی بحران، بدعنوانی اور پرانی عمارتوں کی خستہ حالی ہے۔
    ‎برطانوی یونیورسٹی آف کووینٹری کے قدرتی آفات کے ماہر میتھیو بلیکٹ کے مطابق وینزویلا میں طویل معاشی مشکلات اور سرکاری بدعنوانی کے باعث متعدد عمارتوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی گئی، جبکہ بہت سی تعمیرات سرکاری ضابطوں کے بغیر یا ناقص معیار کے ساتھ مکمل کی گئیں۔
    ‎ماہرین کے مطابق اگرچہ وینزویلا کے موجودہ تعمیراتی قوانین بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں، تاہم 1950، 1960 اور 1970 کی دہائی میں تعمیر ہونے والی عمارتیں جدید زلزلہ مزاحم معیار پر پوری نہیں اترتیں، جس کی وجہ سے وہ شدید زلزلوں میں زیادہ نقصان کا شکار ہوئیں۔
    ‎رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کاراکاس میں گرنے والی زیادہ تر عمارتیں بھی انہی پرانی دہائیوں میں تعمیر کی گئی تھیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی خوشحالی کے دور میں تیزی سے ہونے والی تعمیرات میں کئی مقامات پر معیار پر سمجھوتہ کیا گیا۔
    ‎سول سوسائٹی تنظیموں نے بھی نشاندہی کی ہے کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بڑے سرکاری رہائشی منصوبے شامل ہیں، جہاں تیزی سے بڑھتی آبادی کے دوران ہزاروں رہائشی یونٹس تعمیر کیے گئے تھے، مگر ان میں تعمیراتی ضوابط پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔
    ‎یونیورسٹی آف برسٹل کے ماہر سول انجینیئرنگ رافائل ڈی ریسی کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ موجودہ رہائشی عمارتوں میں کتنی ایسی ہیں جو جدید تعمیراتی قوانین سے پہلے تعمیر ہوئیں یا غیر رسمی طور پر بنائی گئیں، کیونکہ یہی عوامل زلزلے میں تباہی کی شدت کا تعین کرتے ہیں۔
    ‎ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وینزویلا میں پرانی عمارتوں کو جدید زلزلہ مزاحم معیار کے مطابق مضبوط بنانے کا عمل نہ ہونے کے برابر رہا، جبکہ دیگر ممالک، جیسے امریکا، میں بڑے زلزلوں کے بعد حکومتوں نے عمارتوں کی مرمت، معائنہ اور مضبوطی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے تھے۔