Baaghi TV

آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانےکیلئے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کی جائے،وزیراعلیٰ سندھ

murad ali shah

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے محکمہ خوراک میں اصلاحات اور گندم کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی دستیابی، ذخیرہ اندوزی، محکمہ خوراک میں اصلاحات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کو رواں مالی سال کے دوران تقریباً 15 لاکھ 90 ہزار ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے۔ اس صورتحال پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔اجلاس میں محکمہ خوراک کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ وزیراعلیٰ نے گندم کی خریداری، ذخیرہ اور ترسیل کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کی ہدایت دی، جبکہ سندھ حکومت نے شفافیت اور مؤثر نگرانی کے لیے انٹیگریٹڈ ویٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاق کی مجوزہ قومی گندم پالیسی 2026ء تا 2030ء کے مسودے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس پالیسی کا تفصیلی مطالعہ کرنے کے لیے ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو مقررہ مدت کے اندر اپنی سفارشات تیار کرکے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔

More posts