Baaghi TV

فیفا ورلڈ کپ: کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل

فیفاورلڈ کپ کے 23 ویں ایڈیشن کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، جہاں مراکش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر متوقع طور پر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی۔

وینکوور میں کھیلے گئے آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو شکست دے کر نہ صرف کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ ایونٹ کے اگلے مرحلے کی تمام ٹیموں کا تعین بھی ہوگیا۔میگا ایونٹ میں اب دنیا کی آٹھ مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ دو روز کے وقفے کے بعد کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز جمعے کی شب ہوگا، جہاں فرانس اور مراکش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔ مراکش کی ٹیم اپنی متاثر کن فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرنے کے لیے پرعزم ہوگی، جبکہ فرانس سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجئم سے ہوگا، جبکہ تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ اور ناروے کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ ناروے نے ایونٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ماہرین کی توقعات کے برعکس آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی ہے۔آخری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کا سامنا دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا، جہاں ارجنٹینا اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا، جبکہ سوئٹزرلینڈ ایک اور حیران کن کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

تمام کوارٹر فائنل مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق جمعے کی شب سے شروع ہوں گے، جبکہ باقی میچز ہفتے کی شب اور اتوار کی صبح کھیلے جائیں گے۔ شائقین کو توقع ہے کہ ایونٹ کے اس مرحلے میں سنسنی خیز اور سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، کیونکہ ہر ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔

More posts