سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ہے، معرکہ حق میں پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو جارحیت سے باز رکھا، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب جاری ہے، جس کے مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی تقریب میں شریک ہیں۔مہمان خصوصی نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ایڈمرل نوید اشرف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اصغر خان اکیڈمی سے پاس آؤٹ کیڈٹس کی خدمت کی ایک تاریخ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان ایئرفورس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، پاک فضائیہ نے سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کا ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ہے، معرکہ حق میں پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کو جارحیت سے باز رکھا، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس مضبوط فورس ہے، پاکستان کی کوششوں سے خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کررہی ہیں۔
