Baaghi TV

قومی پیغام امن کمیٹی کا محرم میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

lahore

اسلام آباد: قومی پیغام امن کمیٹی حکومتِ پاکستان نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے اپنی کاوشوں کو مزید مؤثر بنانے کا اعلان کیا ہے۔

قومی پیغام امن کمیٹی کے مطابق حکومتِ پاکستان کی اپیل پر "قافلہ امن، محبت اور رواداری” ملک بھر میں سرگرم عمل ہے، جس کا مقصد محرم الحرام کے دوران بھائی چارے، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں علماء کرام، مشائخ عظام، ذاکرین، واعظین اور خطباء کے ساتھ مضبوط روابط قائم ہیں، جبکہ "پیغام پاکستان” کے ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور امن کی فضا برقرار رہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ ضابطۂ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں بالخصوص اور سال بھر بالعموم امن، محبت، برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

قومی پیغام امن کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز پاکستان کو امن، محبت اور رواداری کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ انتہاپسندانہ اور متشددانہ رویوں کے مقابلے میں برداشت، مکالمے اور قومی یکجہتی کو ترجیح دی جائے گی۔

More posts