پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کے پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، جس سے عوام کو سفری اخراجات میں ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی ناگزیر تھی، اسی لیے تمام متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو نئے کرایوں پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔حکومتی فیصلے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔عوامی حلقوں نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں نئے کرایہ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ مسافروں تک پہنچ سکے۔
