بیرون ملک سے پاکستان لائی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی شراب کسٹم نے قبضہ میں لے لی شراب لانے والی شخصیت پاکستان کے ایک بڑے نیوز چینل کے سی ای او نکلے،
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر کسٹمز حکام نے دبئی سے آنے والے ایک مسافر ،نجی ٹی وی چینل کے سی ای او احمدکے سامان سے بڑی مقدار میں غیر ملکی شراب برآمد کر کے ضبط کر لی۔کسٹمز ذرائع کے مطابق 17 جون 2026 کو اے ایچ اے پی (ٹریفک) لاہور کے عملے نے دبئی سے آنے والی پرواز کے ایک پاکستانی مسافر کے سامان کی اسکیننگ کے دوران مشتبہ اشیاء کی نشاندہی کی۔ مسافر سے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 139 کے تحت سامان میں موجود ممنوعہ اشیاء کے بارے میں پوچھا گیا تاہم اس نے کسی بھی ایسی چیز کی موجودگی سے انکار کیا۔بعد ازاں سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی جس کے دوران مختلف برانڈز کی غیر ملکی شراب کی مجموعی طور پر 32 بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ضبط شدہ بوتلوں میں بلیو لیبل، ڈیورز، بلیک لیبل، رائل سلیوٹ، گلین مورینجی، ٹیکیلا، بیلویڈیر ووڈکا اور دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔کسٹمز حکام کے مطابق برآمد ہونے والی شراب تجارتی مقدار میں تھی اور اسے ذاتی استعمال کے سامان (بونا فائیڈ لگیج) کے زمرے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ نجی ٹی وی چینل کے سی ای اوقانونی درآمد یا ملکیت کے حوالے سے کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہ کر سکا۔حکام نے کسٹمز ایکٹ 1969 کے مختلف سیکشنز کی خلاف ورزی پر تمام برآمد شدہ سامان کو سیکشن 168(1) کے تحت ضبط کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ احمد کو سیکشن 171 کے تحت نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

