Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • کراچی: ویران پلاٹ سے 7 سالہ بچی کی لاش برآمد، زیادتی کے بعد قتل کا انکشاف

    کراچی: ویران پلاٹ سے 7 سالہ بچی کی لاش برآمد، زیادتی کے بعد قتل کا انکشاف

    کراچی میں ایک بار پھر حوانیت کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں منوڑا کے قریب ایک غیر آباد و ویران پلاٹ سے 7 سالہ معصوم بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
    پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور طبی معائنے میں تصدیق ہوئی ہے کہ معصوم بچی کو پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اس کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ سفاک ملزمان نے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی اور بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو کشتی کے ذریعے منوڑا لایا اور ویران پلاٹ میں پھینک کر فرار ہو گئے۔
    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • 
مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، متعدد گرفتار

    
مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، متعدد گرفتار

    
اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے بروقت آپریشن کیا۔ شدید مقابلے کے بعد 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں ایک مبینہ سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
    ‎آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
    ‎سیکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
    ‎فورسز کی جانب سے متاثرہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ تمام داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
    ‎سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • ‎امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگ روکنے کی قرارداد منظور کر لی

    ‎امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگ روکنے کی قرارداد منظور کر لی

    ‎امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں روکنے کے حق میں قرارداد منظور کر لی ہے، جسے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
    ‎خبر رساں ادارے کے مطابق ایوانِ نمائندگان میں ایران کے خلاف فوجی آپریشن روکنے کی قرارداد پر ووٹنگ ہوئی، جس میں 214 ارکان نے حمایت جبکہ 208 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ ووٹنگ کے دوران چار ریپبلکن ارکان نے اپنی جماعت کی پالیسی سے ہٹ کر ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا اور قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا۔
    ‎رپورٹ کے مطابق یہ قرارداد ڈیموکریٹ رکن کانگریس پرامیلا جیاپال کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ قرارداد کا مقصد ایران کے خلاف جاری یا مستقبل میں ممکنہ فوجی کارروائیوں پر سیاسی دباؤ بڑھانا اور جنگ کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کرنے کی حمایت کرنا ہے۔
    ‎تاہم امریکی آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق یہ قرارداد حتمی طور پر نافذ العمل نہیں ہوگی۔ اسے سینیٹ سے بھی منظوری درکار ہوگی، اور اس کے بعد بھی یہ ٹرمپ انتظامیہ کو کسی مخصوص اقدام سے روکنے یا کسی پالیسی پر عمل درآمد کا قانونی طور پر پابند نہیں بنا سکتی۔
    ‎سیاسی مبصرین کے مطابق قرارداد کی منظوری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کانگریس کے اندر ایران سے متعلق امریکی پالیسی پر اختلافِ رائے موجود ہے۔ متعدد ارکان کا مؤقف ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی مزید بڑے تنازع کو جنم دے سکتی ہے، اس لیے فوجی کارروائی کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
    ‎خبر ایجنسی کے مطابق حالیہ مہینوں میں امریکی قانون ساز ایران سے متعلق اس نوعیت کی کئی قراردادیں منظور کر چکے ہیں، جن کا مقصد انتظامیہ کی خارجہ اور دفاعی پالیسی پر پارلیمانی نگرانی کو مؤثر بنانا اور کسی بھی ممکنہ جنگی اقدام پر کانگریس کے کردار کو نمایاں کرنا ہے۔
    ‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس قرارداد کی قانونی حیثیت محدود ہے، لیکن اس سے امریکی سیاسی حلقوں میں ایران کے خلاف جنگی حکمتِ عملی پر جاری بحث کو مزید تقویت ملے گی۔ اس پیش رفت کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی سفارتی کوششوں کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

  • 
کانگو میں باغیوں کا حملہ، کان کنوں سمیت 16 افراد ہلاک

    
کانگو میں باغیوں کا حملہ، کان کنوں سمیت 16 افراد ہلاک

    
جمہوریہ کانگو کے صوبہ اتوری میں الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز (اے ڈی ایف) کے باغیوں نے ایک گاؤں پر حملہ کر کے کان کنوں سمیت کم از کم 16 افراد کو قتل کر دیا، جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ صوبائی دارالحکومت بونیا سے تقریباً 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ممباسا کے علاقے کے مانڈیائٹ گاؤں میں سہ پہر کے وقت کیا گیا۔ حملہ آوروں نے گاؤں میں داخل ہو کر اندھا دھند کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
    ‎مقامی اہلکار جانویر کنیونگی نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بڑی تعداد سونے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد حتمی نہیں، کیونکہ قریبی علاقوں سے بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
    ‎حکام کے مطابق حملے سے قبل باغیوں نے اسی علاقے سے کئی افراد کو اغوا بھی کیا تھا، جن کی تلاش کے لیے سیکیورٹی فورسز کارروائیاں کر رہی ہیں۔
    ‎الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز کو جمہوریہ کانگو میں سرگرم خطرناک مسلح گروہوں میں شمار کیا جاتا ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے شہری آبادی، دیہات اور کان کنی کے علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
    ‎سیکیورٹی حکام کی گزشتہ ہفتے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق باغیوں نے صرف جون کے مہینے میں 62 شہریوں کو قتل اور 57 افراد کو اغوا کیا، جس سے خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔

  • 
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں عوام کے تعاون سے کامیابی سے جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت سے جاری رکھے جائیں گے۔
    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
    ‎انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر ملک اور عوام کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔
    ‎فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور تشدد کو فروغ دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم مسلح افواج عوام کے اتحاد، حوصلے اور بھرپور تعاون کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
    ‎انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کا مقصد عوام دوست اور جامع ترقی کے ذریعے صوبے کو خوشحال بنانا ہے۔
    ‎فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، استقامت اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

  • 
شیخوپورہ میں گھوڑے کی لات سے بچہ دیوار سے ٹکرا کر جاں بحق

    
شیخوپورہ میں گھوڑے کی لات سے بچہ دیوار سے ٹکرا کر جاں بحق

    
شیخوپورہ کے علاقے بھکھی گاؤں میں ایک افسوسناک حادثے میں کمسن بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچہ گھوڑے کے قریب موجود تھا کہ اچانک گھوڑے نے زور دار لات ماری، جس کے نتیجے میں بچہ دور جا گرا اور قریب موجود دیوار سے جا ٹکرایا۔
    حادثے کے فوراً بعد اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے بچے کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم شدید چوٹیں آنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔
    ‎ریسکیو 1122 حکام کے مطابق واقعہ شیخوپورہ کے بھکھی گاؤں میں پیش آیا، جہاں اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی کارروائی کے بعد بچے کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔
    ‎واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ مقامی افراد نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
    ‎ماہرین کا کہنا ہے کہ گھوڑوں اور دیگر بڑے جانوروں کے قریب بچوں کو اکیلا نہ چھوڑا جائے، کیونکہ جانور کسی بھی اچانک حرکت یا خوف کے باعث غیر متوقع ردِعمل ظاہر کر سکتے ہیں، جس سے سنگین حادثات پیش آ سکتے ہیں۔

  • ‎ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں بڑھانے پر غور میں، امریکی میڈیا کا دعویٰ

    ‎ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں بڑھانے پر غور میں، امریکی میڈیا کا دعویٰ

    ‎امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کو مزید وسعت دینے پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکا خطے میں اپنی فوجی موجودگی اور دفاعی تیاریوں میں اضافہ کر رہا ہے۔
    ‎رپورٹ کے مطابق امریکا مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی دستے، طبی عملہ اور اسلحہ منتقل کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے امریکی اسپیشل فورسز اور جدید لڑاکا طیاروں کو بھی خطے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔
    ‎رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اور برطانیہ میں موجود امریکی بمبار طیاروں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف اپنے عسکری آپشنز کو مزید فعال بنانے پر غور کر رہا ہے۔
    ‎دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ جھڑپوں کے دوبارہ آغاز کے بعد امریکی فوج نے پہلی مرتبہ ایران کے خلاف کارروائی میں بی ون بمبار طیارے کا استعمال کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس بمبار طیارے نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا۔
    ‎بی ون بمبار امریکی فضائیہ کے جدید ترین اسٹریٹجک طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو 24 بم، ہر ایک تقریباً 2000 پاؤنڈ وزنی، یا درجنوں میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ کم بلندی پر انتہائی تیز رفتاری سے پرواز کرنے اور مختلف نوعیت کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
    ‎امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا کر دیے ہیں، تاہم امریکی حکومت کی جانب سے ان رپورٹس پر باضابطہ طور پر کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

  • ‎پنجاب میں مون سون کی تباہ کاریاں، حادثات میں 21 افراد جاں بحق

    ‎پنجاب میں مون سون کی تباہ کاریاں، حادثات میں 21 افراد جاں بحق

    ‎پنجاب میں مون سون کے شدید اسپیل نے تباہی مچا دی، جہاں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہو گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور امدادی ادارے الرٹ ہیں۔
    ‎لاہور میں ایک ہی بارش کے اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہر کے متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا، اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ متعدد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں۔
    ‎شہر کے پوش علاقے ڈیفنس میں صورتحال اس قدر سنگین ہو گئی کہ گلیوں اور سڑکوں پر کشتیاں چلتی دکھائی دیں۔ شہریوں کو گھروں سے نکلنے، دفاتر پہنچنے اور روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہوگیا۔
    ‎ترجمان واسا کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاجپورہ میں 157.4 ملی میٹر، کاہنہ میں 143 ملی میٹر، شادی پورہ میں 136 ملی میٹر، مغل پورہ میں 133 ملی میٹر، مال روڈ پر 116 ملی میٹر، مناواں میں 112.2 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن میں 81 ملی میٹر اور چوک ناخدا میں 64.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
    ‎شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ متحرک رہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں اور کھلے مین ہولز سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔
    ‎پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی مزید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو بھی موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

  • ‎ایران عراق سرحد پر امریکی حملہ، 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی

    ‎ایران عراق سرحد پر امریکی حملہ، 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی

    ‎ایران کے صوبہ خوزستان میں ایران عراق سرحد کے قریب امریکی حملے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملہ گزشتہ شب شلمچہ بارڈر کراسنگ کے قریب واقع مسافر ٹرمینل کے اطراف ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
    ‎صوبہ خوزستان کے نائب گورنر ولی اللہ حیاتی نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ حملہ شلمچہ بارڈر کراسنگ کے قریب کیا گیا، تاہم اس واقعے کے باوجود سرحدی گزرگاہ پر زائرین کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے اور سفری سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی۔
    ‎ایرانی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سرحدی علاقے میں سیکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
    ‎یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے اور ایران و امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سرحدی علاقوں میں ایسے واقعات خطے کے امن و استحکام کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
    ‎تاحال امریکی حکام کی جانب سے اس حملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ایرانی حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

  • ‎عمان کا بحیرہ احمر کی کشیدہ صورتحال پر اظہار تشویش، امن کوششیں تیز کرنے پر زور

    ‎عمان کا بحیرہ احمر کی کشیدہ صورتحال پر اظہار تشویش، امن کوششیں تیز کرنے پر زور

    ‎سلطنت عمان نے بحیرہ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو خطے میں تناؤ میں اضافے، جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔
    ‎عمانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمان خطے میں امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزارت کے مطابق سعودی عرب، یمن کے متعلقہ فریقین اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا جا رہا ہے تاکہ سیاسی عمل کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے اور امن روڈ میپ پر پیش رفت ممکن ہو۔
    ‎بیان میں کہا گیا کہ عمان کا مقصد یمن بحران کے پرامن حل کو فروغ دینا، خطے میں استحکام بحال کرنا اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ عمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات، سفارتکاری اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
    ‎عمانی وزارت خارجہ کے مطابق منیلا میں عمان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک عمان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون بڑھانے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
    ‎دونوں وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز، یمن اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال سمیت مختلف علاقائی امور پر بھی گفتگو کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔