Baaghi TV

Category: اہم خبریں

  • پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام

    پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، دہشت گردی کی بڑی سازش ناکام

    پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی سامان برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے چار راکٹ فیوز، متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور دیگر حساس مواد قبضے میں لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا دھماکہ خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں علاقے کو ممکنہ بڑی تباہی اور جانی نقصان سے محفوظ بنا لیا گیا۔ فورسز نے برآمد شدہ مواد کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔علاقے کے مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

  • مذاکرات مثبت اورتعمیری ماحول میں ہوئے،حوصلہ افزاء پیشرفت سامنے آئی،وزیراعظم

    مذاکرات مثبت اورتعمیری ماحول میں ہوئے،حوصلہ افزاء پیشرفت سامنے آئی،وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الحمداللہ، اسلام آبادایم اویوکے تحت اعلیٰ سطح کمیٹی کاپہلااجلاس کامیابی سے اختتام پذیرہوا.مذاکرات مثبت اورتعمیری ماحول میں ہوئے،حوصلہ افزاء پیشرفت سامنے آئی.

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ60دن کے اندرحتمی معاہدے تک پہنچنے کےلئے روڈمیپ پراتفاق ہوا.روڈمیپ کے تحت سیاسی نگرانی کےلئے اعلیٰ سطح کمیٹی کاقیام عمل میں لایاگیا.روڈ میپ کے تحت مزید تکنیکی سطح کے مذاکرات کاآغاز ہوگا. امریکہ اور ایران کی قیادت کو تعمیری روابط برقرار رکھنے کے عزم پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں. تاریخی عمل کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والے تمام برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں. برادر ملک قطر نے مذاکرات کے لیے ضروری سازگار ماحول پیدا کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا، مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں. فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کاوشوں نے مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کیا.فیلڈمارشل کی لگن، عزم اور ثابت قدمی قابلِ ستائش ہیں. نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی سفارتی کاوشوں پرمبارکباد پیش کرتا ہوں. وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی محنت اور کردار کو سراہتا ہوں جنہوں نے مذاکرات کی کامیابی میں نمایاں حصہ ڈالا.پاکستان پائیدار امن کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دینے میں اپنا مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا.

  • ایرانی صدر کل ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

    ایرانی صدر کل ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

    ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل بروز منگل ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کل صبح پاکستان پہنچیں گے اور مختلف مصروفیات کے بعد شام کو واپس ایران روانہ ہو جائیں گےایرانی صدر کا یہ دورہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان حالیہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے،ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے کردار اور سفارتی کوششوں پر اظہارِ تشکر کے لیے ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب سوئٹزرلینڈ میں جنگ بندی کیلئے 18 گھنٹے کے طویل اور سخت مذاکرات کے بعد ایرانی وفد ایران روانہ ہوگیا ایرانی حکومت نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ہے ایران کی مذاکراتی ٹیم 18 گھنٹے اعلیٰ سطح کی سفارتی مشاورت اور سخت مذاکرات کے بعد سوئٹزرلینڈ سے ایران روانہ ہوگئی ہے۔

    ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کررہے تھے جبکہ امریکی وفد کی قیادت نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کررہے تھے۔

  • ایف سی اہلکار شبیر بلوچ قتل کیس میں ماہرنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا

    ایف سی اہلکار شبیر بلوچ قتل کیس میں ماہرنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا

    ایف سی اہلکار شبیر بلوچ قتل کیس میں ماہرنگ بلوچ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

    بی وائے سی کے 2024 کے احتجاج میں گوادر میں ایف سی کے جوان بشیر بلوچ کو شہید کرنے اور لاش کی بے حرمتی کرنے کے کیس میں ماہرنگ لانگو اور اس کے ساتھی صبغت اللہ کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی،نسداد دہشت گردی عدالت نے فیصلہ سنایا۔فروری 2024 میں ماہرنگ بلوچ کی قیادت میں "راجی مچھی” مارچ کے دوران گوادر میں مارچ کے شرکا نے ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کو گھیر کر پتھراؤ کیا، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ دو سال کی قانونی کارروائی کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو قصوروار قرار دیا اور سزا سنائی

    فروری 2024 کا وہ بھیانک دن جب ماہرنگ اور اس کے حواریوں نے راجی مچھی کے نام سے ایک انتشار بھرا مارچ نکالا۔ کوئٹہ سے شروع ہونے والے مارچ میں ماہرنگ نے ہر موڑ ہر راستے پر انتشار پھیلایا اور اس کے قافلے میں شامل دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر بے شمار حملے کئے۔جب اس کا مارچ گوادر کے پرامن علاقے میں پہنچا تو ماہرنگ اور صبغت اللہ شاہ کی قیادت میں حیوانیت کی ایک نئی داستان لکھی گئی۔ جب ڈیوٹی پر معمور ایف سی کے جوان شبیر بلوچ کو انتشاریوں نے گھیرا اور پتھروں کے وار سے اس کی جان لے لی۔ اس کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی بھی کی۔دو سال کی طویل قانونی جنگ کے بعد، جس میں ماہرنگ اور اس کے حواریوں نے ججوں کو دھمکایا اور کیس میں خلل ڈالنے کی بے پناہ کوشش کی، آج کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فتنہ الہندستان کی ریکروٹمنٹ ایجنٹ ماہرنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

  • فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں کے سہولت کار ساجد احمد کو 14 سال قید کی سزا

    فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں کے سہولت کار ساجد احمد کو 14 سال قید کی سزا

    انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے فتنہ الہندوستان سے منسلک کالعدم تنظیموں کے سہولت کار ساجد احمد کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید کی سزا سنا دی۔

    سیکیورٹی فورسز نے ساجد احمد کو ضلع پنجگور میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ روابط اور دہشت گرد سرگرمیوں میں معاونت کے شواہد سامنے آئے۔تحقیقات کے مطابق ساجد احمد طلبہ کو کالعدم تنظیموں میں بھرتی کرنے، انہیں ریاست مخالف سرگرمیوں پر اکسانے اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے افرادی قوت فراہم کرنے میں ملوث رہا۔ سیکیورٹی اداروں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملزم فتنہ الہندوستان کی پراکسی نیٹ ورکس کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی سرگرمیوں میں سرگرم تھا۔حکام کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم کے بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورکس سے روابط بھی سامنے آئے۔ مزید برآں اسے ایک خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کرنے کا ٹاسک بھی سونپا گیا تھا، جس کے شواہد تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنے۔

    عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ساجد احمد کو 14 سال قید کی سزا سنائی، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    سوئٹزر لینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کے بعد قطر اور پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا،تکنیکی مذاکرات ہفتے کے باقی دنوں میں برگن اسٹاک ریزورٹ میں جاری رہیں گے، ایران امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری شروع ہوں گے،دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا،حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈمیپ منظور کرلیا گیا،آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے رابطہ لائن قائم کر دی گئی،لبنان جنگ بندی پر عملدرآمد کے لیے ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ڈی کنفلیکشن سیل میں لبنان اور ثالث ممالک شامل ہوں گے،ثالث ممالک مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھانےکے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

    علاوہ ازیں قطری وزارت خارجہ کے بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ ایٹمی پروگرام، پابندیوں سےمتعلق ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے

  • وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات

    وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات

    برگن اسٹاک: وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی ملاقات ہوئی۔

    وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکا ایران مذاکرات کے لیے سوئٹرزلینڈ میں موجود ہیں جہاں ان کی ملاقات امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ہوئی ہےامریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ وفد میں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے جنہوں نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی۔

    ذرائع کاکہنا ہے کہ امریکی وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہبازشریف ایرانی وفد سےبھی ملیں گے، ایرانی وفد کی سربراہی باقرقالیباف کریںگے،ساتھ وزیرخارجہ عراقچی اوردیگر حکام بھی ہوں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے برگن اسٹاک پہنچنے پر مقامی صحافیوں سے جرمن زبان میں بات کرتے ہوئے خیرسگالی کا اظہار کیا، جبکہ ان کا یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر پیش رفت کے لیے ہونے والے اہم سفارتی رابطوں کے سلسلے میں ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی آمد کے موقع پر موجود صحافیوں نے ان کا استقبال کیا، جس پر وزیراعظم نے جرمن زبان میں ان سے مخاطب ہو کر شکریہ ادا کیا اس مختصر گفتگو کو سفارتی حلقوں میں خیرسگالی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سوئٹزرلینڈ پہنچے ہیں، جہاں دونوں رہنما امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفار تی عمل سے متعلق اعلیٰ سطحی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

    وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ اس لیے گئے ہیں کہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (ایم او یو) پر عملدرآمد کے لیے ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔ یہ مذاکرات 17 جون کو طے پانے والے معاہدے کے بعد پہلا اہم سفارتی مرحلہ قرار دیے جا رہے ہیں ان مذاکرات میں امریکا، ایران اور قطر کے اعلیٰ سطحی وفود بھی شریک ہوں گےپاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا، اور اب اسلام آباد اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔

  • بے نظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ، صدر آصف علی زرداری کا خراج عقیدت

    بے نظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ، صدر آصف علی زرداری کا خراج عقیدت

    شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 73ویں یوم پیدائش کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

    صدر زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بے نظیر بھٹو کی قیادت کبھی یک رخا نہیں رہی، بلکہ انہوں نے زندگی کے مختلف کرداروں کو نہایت خوبصورتی، توازن اور ذمہ داری کے ساتھ نبھایا، وہ ایک بیٹی، ماں، بیوی، دوست، محب وطن اور امن کی عالمی علمبردار کے طور پر پہچانی جاتی تھیں، شہید بے نظیر بھٹو نے ہر ذمہ داری کو جرات، یقین اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دیا اور ان کی سیاسی و سماجی جدوجہد آج بھی رہنمائی کا ذریعہ ہے بے نظیر بھٹو کی زندگی اس بات کی مثال ہے کہ قیادت کسی ایک دائرے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ یہ کردار، عزم اور قربانیوں کا مجموعہ ہوتی ہے۔

    دوسری جانب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں پارٹی کارکنان اور سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے نظریات اور خدمات کو پاکستانی سیاست کا اہم باب قرار دیا جا رہا ہے۔

    21 جون 1953 میں کراچی میں پیدا ہونے والی سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی بے نظیر پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم رہیں، وہ جنوبی ایشیا کی بااثراور عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کر کے وطن واپسی پر بے نظیر بھٹو والد وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ غیرملکی دوروں پر بھی جانے لگی تھیں ، 1977 میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، ان کے خلاف مقدمہ چلا تو بے نظیر بھٹو عدالتوں کے چکر لگاتی رہیں۔

    1982 میں بے نظیر پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن منتخب ہوئیں، جنرل ضیاء الحق کی حکومت کے دوران انہیں جلا وطنی اختیار کرنا پڑی، وطن واپسی پر انہوں نے 1988 کے عام انتخابات میں حصہ لیا اور وزیراعظم منتخب ہوئیں، عوام نے انہیں 1993 میں دوبارہ اقتدار بخشا18 اکتوبر 2007 کو بے نظیر بھٹو 9 سال بعد جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں وطن واپس آئیں اور انہیں 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں جلسے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔

  • نومئی مقدمے کا فیصلہ،قریشی بری،محمود الرشید، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد کو سزا

    نومئی مقدمے کا فیصلہ،قریشی بری،محمود الرشید، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد کو سزا

    انسدادِ دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق ایک اور اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد مرکزی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی، جبکہ شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ مقدمہ 9 مئی 2023 کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے الزام میں درج کیا گیا تھا۔عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں محمود الرشید، عمر چیمہ، اعجاز چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو جرم ثابت ہونے پر 10،10 سال قید کی سزا سنائی۔دوسری جانب عدالت نے کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شواہد کی بنیاد پر بری کرنے کا حکم دیا۔

  • پاکستان کی کامیاب سفارتکاری،بھارت کے مقابلے میں پوزیشن مضبوط

    پاکستان کی کامیاب سفارتکاری،بھارت کے مقابلے میں پوزیشن مضبوط

    دفاعی اور سفارتی محاذ پر حالیہ کامیابیوں کے بعد پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور مؤثر ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، جبکہ بھارت کی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق معرکۂ حق میں بھارت کے خلاف دفاعی کامیابی اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی نتیجہ خیز سفارتی کوششوں نے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز کے مطابق بھارت اس وقت واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعلقات کو دوبارہ مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، جبکہ پاکستان پہلے ہی عالمی سفارتی حلقوں میں اپنی اہمیت اور اثر و رسوخ منوا چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر ایک اہم ترین ملک بن کر ابھرا ہے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا نے جی 7 سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ملاقات کو بھی غیر معمولی قرار دیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات روایتی گرمجوشی کے بجائے محض مصافحے تک محدود رہی، جسے بعض مبصرین نے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری کی علامت قرار دیا۔

    بھارتی صحافیوں اور تجزیہ کاروں کا بھی کہنا ہے کہ عالمی برادری اب امن اور تنازعات کے حل کے لیے بھارت کے بجائے پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے، جو مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق نئی دہلی اپنی کھوئی ہوئی سفارتی حیثیت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اس مقصد کے لیے بھارت کو اپنی موجودہ پالیسیوں پر نظرثانی اور علاقائی معاملات میں زیادہ متوازن حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہوگی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار نے نہ صرف خطے میں اس کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے بلکہ اسے بین الاقوامی امن و استحکام کے لیے ایک مؤثر شراکت دار کے طور پر بھی نمایاں کیا ہے۔