Baaghi TV

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 72 گھنٹوں میں 48 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں گزشتہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے اضلاع میں 36 بھارتی سرپرستی میں دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی موقع پر تباہ کردیئے گئے۔

کوئٹہ کے علاقے شعبان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے 4 ٹھکانے تلاش کیے۔ فائرنگ کے تبادلے میں 26 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں بھی دہشتگردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی گئی، جہاں 2 بھارتی سرپرستی میں دہشتگرد مارے گئے۔

ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تعاون سے پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 بھارتی سرپرستی میں دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بھارتی پراکسی تنظیموں، فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 48 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

More posts