وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت طویل المدتی معاشی تبدیلی کے لیے پُرعزم ہے اور معیشت میں پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا، جس میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سخت مالیاتی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کا مرحلہ کامیابی سے عبور کیا گیا، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ طویل المدتی معاشی تبدیلی کے لیے حکومت کا عزم مضبوط ہے جبکہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے ایم ایل ون ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کو قومی بنیادی ڈھانچے کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر جلد عملی کام کا آغاز ضروری ہے۔ملاقات میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، معاشی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
