آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک طلبہ و طالبات نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیڈٹس کی پریڈ، تربیتی سرگرمیوں اور اکیڈمی کے مختلف شعبہ جات کا مشاہدہ کیا۔
طلبہ و طالبات نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی شاندار پریڈ دیکھی اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط اور طرزِ عمل کو سراہا۔ دورے کے دوران طلبہ کی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے خصوصی نشست بھی ہوئی، جس میں انہیں اکیڈمی کے تربیتی نظام اور مختلف سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
طلبہ و طالبات نے جینٹل مین کیڈٹس اور لیڈی کیڈٹس سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی میں کیڈٹس کی تعلیم، تربیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تیاری کے مختلف مراحل کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
طلبہ و طالبات نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دورے کو اپنے لیے باعثِ فخر اور اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کی تعلیم و تربیت اور پیشہ ورانہ تیاری کو قریب سے دیکھنا ان کے لیے ایک منفرد اور یادگار تجربہ رہا۔
انہوں نے دورے کو انتہائی معلوماتی قرار دیتے ہوئے پاک فوج کے افسران کی تربیت کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنے پر بھی سراہا۔
