Baaghi TV

ایوانِ صدر نے الیکشن کمیشن کوعام انتخابات کے حوالے سے خط لکھ دیا

elections in islamabad

صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خط لکھ دیا۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق خط میں الیکشن کمیشن کو آئین پاکستان کے تحت 3اپریل 2022 کو قومی اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر الیکشن کرانے کے لیے تاریخ تجویز کرنے کا کہا گیا ہے۔


اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 5 (اے) اور آرٹیکل 224 کی شق 2 کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کرانے کی تاریخ مقرر کریں گے اور یہ تاریخ اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن سے زائد نہ ہو۔


خط میں کہا گیا کہ آئین کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔

ایوان صدر سیکریٹریٹ کی جانب سے یہ اعلامیہ ایک ایسے وقت میں بھیجا گیا کہ جب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مختلف قانونی رکاوٹوں اور طریقہ کار کے چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے تین ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے سے معذوری کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کردی تھی جس کے بعد وزیراعظم نے 3 اپریل کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کردیا تھا بعد ازاں صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ہدایت پر اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دے دی تھی-

More posts