پیپلز پار ٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھی ثقافت ارض پاکستان کا تاج ہے، یومِ ثقافتِ سندھ ہم آہنگی و بھائی چارے کا پیغام ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھی کلچرل ڈے پر پیغام میں کہا کہ آج کا دن نوجوانوں کا دن ہے جو عظیم ثقافت و تہذیب کے وارث و امین ہیں۔ یہ دن وادیِ مہران کی موسیقی و ڈانس جیسے قدیم فنون اور لذیذ کھانوں کو نئی جِلا بخشتا ہے۔ثقافتوں، مذاہب اور رنگ و نسل کے لوگوں کا رواداری و امن کے ساتھ جینے کا نام دورِ جدید ہے۔ سندھ سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں یومِ ثقافتِ منانے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی آج کا دن سندھ کلچرل ڈے کے طور پر منایا جا رہا ہے، اس کی مناسبت سے سندھ کی ہزاروں سال قدیم روایات کے امین سندھ واسی روایتی لباس زیب تن کرتے، اجرک اور ٹوپی سجائے سندھ کی رنگا رنگ دھرتی سے اظہار یکجہتی اور نوجوان نسل کو سندھ کی ثقافت سے روشناس کرانے کے لیے نکلتے ہیں۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع بھر صوبے بھر میں ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے، نوجوانوں کی جانب سے سندھی اجرک ٹوپی پہن کر علاقائی دھنوں پر رقص کیا جا رہا ہے جبکہ ثقافتی رنگوں میں رنگ کر خواتین اور بچے بھی پر جوش نظر آ رہے ہیں۔
