Baaghi TV

برطانوی وزیر اعظم کی مشکلات میں مزید اضافہ

حال ہی میں بر سر اقتدار آنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی مشکلات ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں اور اب اہم برطانوی وزیر ایمبر رڈ نے وزارت اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر کے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

وزیر برائے ورک اینڈ پینشنز ایمبر رڈ نے بریگزٹ سے متعلق بحران کو مناسب طریقے سے ہینڈل نہ کرنے پر احتجاجاً استعفا دیا۔

ایمبر رڈ کا کہنا ہے کہ وہ اچھے، وفادار اور اعتدال پسند ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے کا ساتھ نہیں دے سکتیں۔

مستعفی وزیر وزیراعظم بورس جانسن کے اس فیصلے کا حوالہ دیا جس کے تحت انہوں نے بریگزیٹ کے معاملے پر حکومتی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے پر 21 ارکان پارلیمنٹ کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔

ایمبر رڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں اب اس بات کا بھی یقین نہیں کہ ڈیل کے ساتھ یورپی یونین چھوڑنا حکومت کا اصل مقصد ہے، حکومت نو ڈیل بریگزٹ کے لیے بہت سرگرمی سے کام کر رہی ہے لیکن انہیں اس طرح کی سرگرمی یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات میں نظر نہیں آئی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بورس جانسن کے بھائی اور برطانوی وزیر جو جانسن نے بھی وزارت اور پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

More posts