Baaghi TV

بابراعظم نے ویرات کوہلی سے نمبر ون پوزیشن چھین لی

بابراعظم نے ویرات کوہلی سے نمبر ون پوزیشن چھین لی
پاکستانی کپتان بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے نمبر ون بلے باز کی پوزیشن چھین لی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے،اور اس بارپاکستان ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے بازبابراعظم کو دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔پاکستانی کپتان بابر اعظم سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف ، ظہیر عباس اور جاوید میاں داد کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی ہیں، جب کہ بابر اعظم نے نمبر ون بلے باز بن کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی 5 سال سے قائم بادشاہت کاخاتمہ کیا ہے، بھارتی کپتان 2017 سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے۔
آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم 865پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر دھکیل دیئے گئے ہیں، اور انہی کے ہم وطن روہت شرما تیسری، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھی، آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں، انگلینڈ کے جونی بیراسٹو چھٹی، پاکستان کے فخر زمان ساتویں ، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی آٹھویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نویں اور ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ دسویں نمبر پر ہیں۔

More posts