اہل لاہور کیلئے بڑی خوشخبری ، شیریں اور مسحور کن ، وجد آفریں لہجہ اور دلوں کو ایمان کی حرارت عطا کرنے والی تلاوت کے حامل قاری ِ قرآن ڈاکٹر سبیل اکرام اس بار بھی پاکستان کی تیسری سب سے بڑی مسجد بحریہ ٹائون لاہور میں نماز تروایح کی امامت کے فرائض انجام دیں گے ۔اہل لاہور کیلئے یہ خوشخبری یقینا رمضان المبارک کو مزید بابرکت ، روحانی اور یادگار بنانے کا ذریعہ بنے گی جہاں قرآن مجید کی دلنشیں صدائیں ایمان کو تازہ اور قلوب کو منور کریں گی ۔ڈاکٹر سبیل اکرام اپنی منفرد ، پرسوز اور دلوں میں اتر جانے والی تلاوت کے باعث ملک بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں ۔ ان کی آواز میں ایسی تاثیر ہے جو سننے والوں کے دلوں کو نرم ، آنکھوں کو نم اور روح کو ایمان کی حرارت سے روشن کرتی ہے ۔ جب وہ خوبصورت آواز میں قرآن مجیدپڑھتے ہیں تو سننے والوں پر رقت طاری ہوجاتی ہے ۔یہی وجہ ہے گذشتہ سال بھی ان کی اقتدا میں نماز تراویح ادا کرنے کیلئے ہزاروں نمازی بحریہ ٹائون مسجد کا رخ کرتے رہے ۔واضح رہے کہ خواتین کیلئے نماز تراویح کی ادائیگی کا الگ سے انتظام ہوگا ۔ ڈاکٹر سبیل اکرام کی قرآن مجید کے ساتھ والہانہ محبت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ انھوں نے صرف دس ماہ کے کم وقت میں قرآن مجید حفظ کرلیا تھا ۔ وہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت سے بہرہ مند ہوئے ، سب سے پہلے انھوں نے ریاض میں ہی نماز تراویح پڑھائیں ، اس کے بعد کراچی میں نماز تروایح کی امامت کی پھر وہ کئی سال تک مرکز قرآن وسنہ لاہور میں نماز تراویح پڑھاتے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر سبیل اکرام کہتے ہیں قرآن مجید کا پڑھنا اور سننا باعث ثواب اور اس پر عمل کرنا باعث نجات ہے، ضروری ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہم اپنی کاروباری مصروفیات محدود کریں، ماہ مبارک میں قرآن مجید کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں ۔
ڈاکٹر سبیل اکرام بحریہ ٹائون لاہور میں نماز تروایح کی امامت کے فرائض انجام دیں گے
