Baaghi TV

شمالی غزہ میں اسرائیلی ہیلی کاپٹروں کی متعدد اہداف پر بمباری

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاھیا کے شمال مغربی مقامات پر اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹروں نے متعدد اہداف پر بمباری کی۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کی شام اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطینی عسکری گروپوں کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ قبل ازیں غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پرتین میزائل داغے جانے کی اطلاعات آئی تھیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ سے داغے گئے تین میزائلوں میں سے دو کو دفاعی نظام کے ذریعے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضاء میں تباہ کردیا گیا تھا۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینیوں کا ایک راکٹ آئرن ڈوم کی مدد سے مار گرایا جب کہ ایک راکٹ ایک گھر کے صحت میں جا گرا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے خطرے کے سائرن بجائے۔

خیال رہے کہ غزہ میں بمباری اور راکٹ حملوں کا 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ جمعہ کی شام اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ غزہ سے داغا گیا ایک راکٹ تباہ کردیا گیا ہے۔ دوماہ کے وقفے کے بعد یہ پہلا راکٹ تھا جسے جنوبی فلسطین میں اسرائیلی کالونیوں کی طرف داغا گیا تھا۔

More posts