Baaghi TV

گل پلازہ میں آتشزدگی دلوں کو لہولہان کردینے والا سانحہ ہے،سبیل اکرام

subiyal

کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی دلوں کو لہولہان کردینے والا سانحہ ہے ۔ یہ محض ایک حادثہ نہیں حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کا نوحہ اور اجتماعی قتل عام ہے کہ پلازے بنا لئے جاتے ہیں ان میں مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کئے جاتے ۔ آگ کے شعلوں میں گھرے ، ملبے تلے دبے معصوم بچوں کی چیخیں ، بزرگوں ، جوانوں اور خواتین کی آہیں نظام کی بے رحمی اور بے حسی پر سوال بن گئی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی سماجی رہنما ڈاکٹر سبیل اکرام نے کیا۔ انھوں نے کہا اس سانحے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ایسا زخم ہے جو برسوں نہیں بھر سکے گا ۔ وہ مرد وخواتین ، بزرگ، محنت کش جو روزی روٹی کمانے کیلئے گھروں سے نکلے آگ کے شعلوں میں گھر گئے ، زندہ جل گئے، راکھ میں بدل گئے، جان کے ساتھ زندگی بھر کی جمع پونجی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے اور راکھ میں بدل چکے ہیں ، ان کے گھروں میں سناٹا ہے آہیں ہیں اور بین ہی باقی رہ گئے ہیں ۔ اس اندوہناک سانحہ میں جان بحق ہونے والے تمام افراد کیلئے ہم بارہ گاہ الہی میں دعا گو ہیں، سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں غمز دہ ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور ان کے آنسو پوری قوم کے آنسو ہیں ۔ اپنے بیان میں انھوں نے حکومت ، صوبائی اور بلدیاتی اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں قائم اور زیر تعمیر تمام کمرشل اور رہائشی پلازوں میں حفاظتی انتظامات کو فوری یقینی بنایا جائے ۔ فائر سیفٹی سسٹم ، ہنگامی اخراج کے راستے ، بجلی کے محفوظ نظام اور باقاعدہ انسپکشن کو محض کاغذی کاروائی کے بجائے عملی شکل دی جائے جو لوگ انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز سخت کاروائی کی جائے ۔ اگر آج بھی ہم نے اس سانحہ سے سبق نہ سیکھا تو کل کوئی پلازہ ، کوئی اور بازار ، کوئی اور خاندان ہماری غفلت کی قیمت چکائے گا ۔ اب وقت آگیا ہے کہ انسانی جان کو اولین ترجیح بنایا جائے ورنہ تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ۔

More posts