Baaghi TV

اسرائیلی بربریت کیخلاف مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کا احتجاج

تنظیم مشائخ عظام پاکستان اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف کے ایوان اقبال سے لاہور پریس کلب تک یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی ، ریلی میں مشائخ عظام سمیت مختلف مکاتب فکر سے وابستہ مردوخواتین کی کثیر تعداد میں شریک تھی ۔

ریلی کے شرکاء اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتے لاہور پریس کلب پہنچے ، جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے کوارڈینٹر پیر محمد راشد نقشبندی نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں ، جنگ بندی کے باوجود نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔ پیر سید احمد ندیم شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کرے ۔

پیر حاجی محمد افتخار نقشبندی نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ آزادی کشمیر اور آزادی فلسطین کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر عملی کوششیں کرنا ہونگی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے پیر محمد رمضان نقشبندی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں ظلم و ستم کی انتہا کے باوجود قیام امن کے عالمی علمبرداروں نے اپنی آنکھیں بند کر لی ہیں مگر ہماری تمام تر ہمدردیاں فلسطینی مظلوموں کے ساتھ ہیں ۔ ریلی سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ اختتام پر ملکی سلامتی ، آزادی فلسطین اور آزادی کشمیر کیلئے خصوصی و اجتماعی دعا بھی کی گئی ۔

More posts