Baaghi TV

کراچی: مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے چار لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب ایک مین ہول سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک کمسن بچہ شامل ہیں، جو مبینہ طور پر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق لاشیں 10 سے 15 روز پرانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد نہایت تشویشناک ہیں، کیونکہ جس مین ہول سے لاشیں نکالی گئیں وہاں خون کے واضح نشانات بھی پائے گئے ہیں، جو کسی سنگین جرم کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاروں لاشوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں، جبکہ اے ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ لاشیں بری طرح مسخ شدہ حالت میں تھیں۔ لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔ پولیس نے لاشوں کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، جس کے لیے نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں سے مدد لی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جن میں ذاتی دشمنی، گھریلو تنازع، اغوا کے بعد قتل اور منظم جرائم کے امکانات شامل ہیں۔ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز، موبائل ڈیٹا اور دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر تک پہنچا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور ملوث افراد کا تعین کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

More posts