کراچی زمین بوس عمارت سے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں
باغی ٹی وی رپورٹ : کراچی کےعلاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے پر ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 13 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لیاری کھڈا مارکیٹ کے قریب زمین بوس ہونے والی عمارت میں رات گئے سے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ جاری رہا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے 2 افراد کی لاشیں اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
زیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بھی حادثے کی جگہ کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا عمارت گرنے کے واقعے پر انکوائری ہوگی جو ادارہ غفلت میں ملوث نکلا اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
متاثرہ افراد کے مطابق ہمارے بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، حکومت متاثرہ خاندانوں کی امداد کر کے متبادل جگہ فراہم کرے۔ انتظامیہ کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد جانی اور مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جاسکے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پہلے امدادی کارروائی کی جائے پھر مکمل انکوائری رپورٹ پیش کی جائے۔
خیال رہے کہ 5 مارچ کو رضویہ سوسائٹی کے قریب گولیمار نمبر 2 میں رہائشی عمارت گرگئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے تھے۔40 گز کے پلاٹس پر بنی یہ عمارت 5 منزلہ تھی، مالک چھٹی منزل بھی بنارہا تھا کہ پوری عمارت گر گئی جس کی زد میں دیگر دو عمارتیں بھی آئیں۔
