اسلام آباد: خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ منائیں۔
بی بی آصفہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا "جیسا کہ ہم اس سال کو الوداع کہہ رہے ہیں اور 2026 کو خوش آمدید کہتے ہیں، آئیے ذمہ داری سے جشن منانا یاد رکھیں۔”انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ ہوائی فائرنگ ہر سال معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے اور خوشی کے لمحات کو المیے میں بدل سکتی ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ بے حس شوٹنگ سے نہ صرف قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں بلکہ خاندان اور معاشرے پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
بی بی آصفہ نے شہریوں پر زور دیا کہ نئے سال کی خوشی محفوظ طریقے سے منائی جائے اور جشن کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو ترجیح دے تاکہ خوشیوں کا جشن کسی سانحے میں تبدیل نہ ہو۔
