مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے،وزیراعظم دل پر پتھر رکھنے کی بجائے عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں،موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم، قوم کو تعصبات سے بالا تر ہو کر متحد ہونا ہو گا، سیاسی فرقہ واریت کی جانب سے عدم برداشت کی انتہا ہو چکی، اسے ختم کرنے کی ضرورت ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور میں صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی ترجمان تابش قیوم، مرکزی مسلم لیگ قصور کے سیکرٹری جنرل رانا محمد اشفاق،ترجمان پنجاب احمد اجمل نے بھی خطاب کیا، خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگی حالات کے پیش نظر تیل کی قیموں میں عالمی منڈی میں ایک روز اضافہ ہوا اور حکومت نے چند لمحوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے مزید اضافے کی بھی بات کی ،حالانکہ اگلے روز ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو چکی، حکمرانوں کے فیصلے سے لگ رہا ہے کہ شاید انہیں غریب عوام کی پرواہ نہیں، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو گیا، رمضان المبارک میں حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف کی بجائے مہنگائی کا تحفہ قابل مذمت ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حکمران ذاتی مفادات کی بجائے عوامی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کریں،مشکل وقت میں مرکزی مسلم لیگ نے سحر و افطار دسترخوان کا سلسلہ وسیع کر دیا ہے، یونین کونسل سطح پر خدمت کا پروگرام جاری ہے، مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے،عید کے بعد مرکزی مسلم لیگ نوجوانوںکو آئی ٹی کی تربیت کروائے گی.
