Baaghi TV

جنگ بندی میں پاکستان کا کردار،مرکزی مسلم لیگ کا جمعہ کو یوم تشکر کا اعلان

مرکزی مسلم لیگ نے امریکہ،ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو تاریخی قرار دیتے ہوئے جمعہ کویوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ،ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کے اہم معاملات میں نمایاں مقام حاصل ہو رہا ہے،بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں امن کے قیام اور خونریزی کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ایک اہم اور ذمہ دارانہ کردار سونپا گیا ہے، جو کہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس عظیم نعمت پر پوری قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے، مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان شکرانے کے نوافل ادا کریں اور ملک و ملت کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کریں، مرکزی مسلم لیگ جمعہ کو باقاعدہ طور پر یومِ تشکر کے طور پر منائے گی، علمائے کرام خطباتِ جمعہ میں پاکستان کے عالمی کردار، امتِ مسلمہ کے لیے اس کی خدمات اور اس کی اہمیت کو اجاگر کریں، یہ وقت قومی اتحاد، یکجہتی اور اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی اختیار کرنے کا ہے تاکہ پاکستان مستقبل میں بھی امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھ سکے.

More posts