لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں راشن اور روزگار دلوانے کا جھانسہ دے کر خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو کاہنہ سے ویلنشیا ٹاؤن بلایا گیا تھا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر اسے یقین دہانی کرائی کہ اسے راشن اور ملازمت فراہم کی جائے گی۔ خاتون جب طے شدہ مقام پر پہنچی تو وہاں موجود دو افراد نے اسے مبینہ طور پر زبردستی اپنی حراست میں لے کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔واقعے کے بعد خاتون نے ہمت کرتے ہوئے پولیس سے رجوع کیا اور تحریری شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی اور جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی مدد سے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں متاثرہ خاتون کا بیان بھی قلمبند کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کروایا گیا ہے اور فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ کیس کو مضبوط بنیادوں پر عدالت میں پیش کیا جا سکے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے
