ٹھٹھہ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں)سندھ کے مشہور صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کا 387واں تین روزہ سالانہ عرس مبارک مکلی میں شروع ہو گیا۔ صوبائی وزیر اوقاف سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے درگاہ پر چادر چڑھا کر عرس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر ملک کی سالمیت، خوشحالی، استحکام اور امن کے لیے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اوقاف کے ہمراہ منیجر اوقاف گل حسن چوہان، حنیف میمن اور دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔ وزیر اوقاف نے کہا کہ سندھ صوفی بزرگوں اور درویشوں کی سرزمین ہے، جنہوں نے ہمیشہ محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا، اور ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
انہوں نے بتایا کہ درگاہیں روحانی سکون کے ساتھ ساتھ قیمتی ثقافتی اثاثہ بھی ہیں، جہاں لاکھوں زائرین روحانی فیض حاصل کرتے ہیں۔ عرس مبارک کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
وزیر اوقاف نے کہا کہ زائرین کو تمام سہولیات فراہم کرنا محکمہ اوقاف کی اولین ترجیح ہے، جس میں میڈیکل کیمپ، صاف پانی، وضو کے انتظامات، واش روم، مسافر خانے، لنگر اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ درگاہوں کا تقدس برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے محکمہ اوقاف کی جانب سے قائم کیے گئے سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔
