Baaghi TV

کراچی میں ہپناٹائز کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گروہ سرگرم ہوگیا

ملک بھر میں چوری ڈکیتی اور شہریوں کو لوٹنے کا بازار سرگرم ہے اور پولیس بھی ایسے ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے دیگر ملزمان بھی ایسی وارداتیں کر کے پولیس کے چنگل سے بآسانی بچ نکلتے ہیں۔ شہر قائد میں جہاں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں عام تھیں وہاں اب کراچی میں شہریوں کو ہپناٹائز کرکے لوٹنے والا گروہ سرگرم ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقہ گلشن اقبال میں شہری کو ہپناٹائز کرکے 35 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔ ملزم گھر سے نقدی اور پرائز بانڈ لوٹ کر بآسانی فرار ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہر قائد کے علاقہ گلشن اقبال کا رہائشی شخص جمعے کی نماز پڑھنے گھر سے نکلا تو دو افراد اس کے پاس آئے اور کہا کہ ان کا بیٹا گُم ہوگیا ہے اس کے لیے دعا کرنی ہے، جب انہوں نے دعا کروائی تو انہیں اس طرح سے ہپناٹائز کیا گیا کہ شہری اپنے ہی گھر کے اندر گیا اور رقم کا تھیلا اور پرائز بانڈ اُٹھا کر انہیں دے دیا۔
پولیس نے بتایا کہ اس انوکھی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں ملزمان کی جانب سے ہپناٹائز کرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔ گذشتہ سال کراچی کے علاقہ سچل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین کو ہپناٹائز کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

More posts