سابق ایس ایچ او نواز وٹو نوکری سے فارغ، ریاض بھٹی جبری ریٹائر
(بہاولنگر باغی ٹی وی محمد عرفان نامہ نگار ))بہاولنگر پولیس میں احتساب کا بڑا عمل شروع ہوگیا۔ ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے فرائض میں غفلت اور ناقص تفتیش پر سخت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ فورٹ عباس میں تعینات سب انسپکٹر نواز احمد وٹو کے خلاف بڑا ایکشن لے لیا۔
ڈی پی او آفس سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق سب انسپکٹر نواز احمد B/474 کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر اے ایس آئی کے عہدے پر تنزلی دی گئی اور انہیں نوکری سے فارغ کرتے ہوئے پولیس لائن بہاولنگر رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔سرکاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ نواز احمد پہلے OSI رپورٹ جمع کروائیں گے، جس کے بعد انہیں RI/LO پولیس لائن بہاولنگر رپورٹ کرنا ہوگا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری وردی، اسلحہ اور دیگر سرکاری سامان فوری طور پر واپس لے کر تصدیقی رپورٹ پیش کی جائے۔ذرائع کے مطابق سابق SHO تھانہ صدر ہارون آباد اور موجودہ تعینات فورٹ عباس نواز وٹو کے خلاف کارروائی فیضان مظہر ملکیرہ کیس میں مبینہ ناقص تفتیش اور فرائض میں سنگین غفلت کے باعث عمل میں لائی گئی ہے۔
اسی کیس میں ایک اور پولیس افسر ریاض بھٹی سب انسپکٹر کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے جبری ریٹائرمنٹ کی سفارش اور کارروائی کی گئی ہے، جس سے محکمہ پولیس میں کھلبلی مچ گئی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او بہاولنگر نے واضح پیغام دیا ہے کہ ناقص تفتیش، اختیارات کے غلط استعمال اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور ذمہ دار افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔اس اچانک اور سخت کارروائی کے بعد ضلع بھر کے پولیس افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ شہری حلقوں نے ڈی پی او بہاولنگر کے اس اقدام کو احتساب کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے
