پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے پاکستان میں مملکتِ سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقرری پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم اور موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ا پنے تہنیتی بیان میں ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کہا کہ سفیر دو برادر ممالک کے درمیان اعتماد، محبت، تعاون اور خیرسگالی کا مضبوط پل ہوتا ہے۔ ایک کامیاب سفیر اپنی دانشمندانہ سفارت کاری، مثبت طرزِ عمل اور باہمی روابط کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت عطا کرتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ مشترکہ اسلامی اقدار، تاریخی رفاقت، باہمی اعتماد اور اخوت کے لازوال رشتوں پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، جبکہ دفاع، معیشت، سرمایہ کاری، تعلیم اور مذہبی ہم آہنگی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے والے سابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورِ سفارت انتہائی کامیاب ، مثبت اور نتیجہ خیز رہا ہے ۔ ان کی کاوشوں سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی وسعتیں ملی ہیں ۔ا نہوں نے نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں پاک سعودی دوستی، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور عوامی روابط مزید فروغ پائیں گے اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوں گے۔ہماری دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان محبت، اخوت، اتحاد اور تعاون کے اس مضبوط رشتے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور دونوں ممالک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔
