کراچی میں ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے مقدمے میں شامل قتل کی دفعہ تبدیل کرتے ہوئے عدالت میں حتمی چالان جمع کرا دیا۔
پولیس کے مطابق بغدادی تھانے میں درج مقدمے میں قتل کی دفعہ کو قتل بالسبب میں تبدیل کیا گیا ہے۔ چالان میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کی کیمیکل رپورٹ کی روشنی میں قتل کی اصل دفعہ ختم کی گئی۔تحقیقات کے مطابق کیمیکل رپورٹ میں متوفی کی موت کی وجہ نشہ قرار دی گئی ہے، جس کی بنیاد پر مقدمے کی قانونی نوعیت میں تبدیلی کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ مناسب سیمپل دستیاب نہ ہونے کے باعث ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت بھی ممکن نہیں ہو سکی۔پولیس نے مقدمے کا حتمی چالان متعلقہ عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جہاں کیس کی مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔
