ضمانت کے لیےبھارتی چیف جسٹس پر کالا جادو کرنے والےشخص کوپولیس نےحراست میں لےلیا-
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بلاسپور کی پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی ہے جس نے اپنے رشتے دار کی کورٹ سے ضمانت کروانے کے لیے ہائی کورٹ کے چیف جج کی تصویر کا استعمال کرتے ہوئے کالا جادو اور تانترک عمل کیا، اس شخص نے یہ سب ایک ویڈیو دیکھ کر کیا تاکہ وہ اپنے رشتے دار کو جیل سے باہر نکال سکے۔
یہ واقعہ دیوری نامی گاؤں میں اس وقت سامنے آیا جب جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات دیہاتیوں نے شمشان گھاٹ میں چار لوگوں کو مشکوک اور عجیب و غریب حرکتیں کرتے دیکھا لوگوں کو شک ہوا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی،پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی دیہاتیوں کو دیکھ کر تین افراد موقع سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ریشی کیش کمار نامی ایک شخص کو دیہاتیوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کالے جادو میں استعمال ہونے والی کئی چیزیں برآمد کر لیں ان میں ایک مچھلی، لیموں، سندور اور چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رمیش سنہا کی تصویر شامل تھی اس کے علاوہ ایک تصویر چاقو مارنے کے کیس میں گرفتار ملزم پرریانشو بولے کی تھی اور دوسری تصویر اسی کیس کے متاثرہ شخص کی تھی۔
پولیس تفتیش کے دوران ریشی کیش نے بتایا کہ اس کا رشتہ دار پرریانشو بولے ایک بندے کو چاقو مارنے کے جرم میں جیل میں بند ہے اس کیس کے ایک ملزم کو تو ضمانت مل گئی تھی لیکن باقی ملزمان کی ضمانتیں ابھی عدالت میں زیر سماعت تھیں،اس نے ایک تانترک کی ویڈیو دیکھی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایسا عمل کرنے سے کورٹ سے ضمانت مل جاتی ہے اس ویڈیو سے متاثر ہو کر وہ اپنے تین دوستوں کے ساتھ رات کو شمشان گھاٹ چلا گیا۔
اس واقعے پر بات کرتے ہوئے بلاسپور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجنیش سنگھ نے کہا کہ جادو ٹونہ کرنے سے کسی کو کبھی ضمانت نہیں مل سکتی اور مجرموں کو چاہیے کہ وہ جادو ٹونے کے بجائے خود کو سدھارنے کی کوشش کریں ایسے وہم اور خرافات پر عمل کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،معاملے کی مزید چھان بین اور تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ اس عمل میں شامل دیگر افراد کون تھے اور انہوں نے یہ قدم کس مقصد سے اٹھایا۔
