متحدہ عرب امارات نے نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر جمعہ 28 اگست 2026 کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کے سرکاری میڈیا آفس نے اعلان کیا ہے کہ 28 اگست کو میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کو چھٹی ہوگی۔ ان ملازمین کے لیے جن کی ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوتی ہیں، یہ تعطیل تین روزہ ویک اینڈ کا باعث بنے گی اور چھٹیوں کا سلسلہ جمعہ 28 اگست سے اتوار 30 اگست تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق پیش گوئی جاری کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں، جس کے باعث یکم ربیع الاول 15 اگست بروز ہفتہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 12 ربیع الاول 26 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ربیع الاول کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند کی شرعی رویت کے بعد کرے گی۔
پاکستان میں سرکاری تعطیلات کے حوالے سے جاری شیڈول کے مطابق 25 اگست بروز منگل عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل درج ہے، تاہم حتمی تاریخ چاند کی رویت اور سرکاری اعلان سے طے ہوگی۔
اگست 2026 میں پاکستان میں ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ دو وفاقی تعطیلات بھی متوقع ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مجموعی طور پر 12 تعطیلات ملنے کا امکان ہے۔ تاہم تعطیلات کی حتمی ترتیب سرکاری نوٹیفکیشن اور متعلقہ اداروں کے فیصلوں کے مطابق ہوگی۔
عید میلادالنبیﷺ کب منائی جائے گی؟ تعطیل کا اعلان ہوگیا
