انسان کا اصل اثاثہ اس کی وہ خودداری اور عزتِ نفس ہے جو اسے مخلوق کے سامنے سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دیتی ہے۔ معاشرتی زندگی میں تعلقات، دوستی اور محفلیں انسان کی بنیادی ضرورت ضرور ہیں لیکن ان تمام رشتوں کا وجود عزت اور احترام کے مشروط ہوتا ہے۔ جہاں احترام کی حدود پامال ہونے لگیں اور خودداری پر حرف آنے لگے، وہاں سے خاموشی کے ساتھ کنارہ کش ہو جانا ہی بیدار مغز انسان کا شیوہ ہوتا ہے۔
عزت نفس کی بنیاد پر لیا گیا فیصلہ وقتی طور پر کٹھن اور جذباتی لحاظ سے بوجھل ہو سکتا ہے لیکن یہ انسان کو تاحیات ذلت کے بوجھ سے آزاد کر دیتا ہے۔ اس کے برعکس، کسی ایسے تعلق سے جڑے رہنا جہاں قدم قدم پر بے عزتی اور تحقیر کا سامنا ہو، انسان کی روح کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔ ایسا رشتہ جہاں اپنوں یا غیروں کی نظر میں آپ کی وقعت ختم ہو چکی ہو، مجبوری یا وہم کا نام بن کر رہ جاتا ہے۔ خودداری کا تقاضا ہے کہ انسان ذلت کے ساتھ دیے گئے محل سے زیادہ اپنی غیرت کی جھونپڑی میں رہنا پسند کرے۔ جب ایک بار انسان اپنی عزتِ نفس کا تحفظ کرتے ہوئے کسی محفل یا تعلق کو خیرباد کہہ دے، تو پھر اس کی طرف مڑ کر دیکھنا بھی اپنے ہی فیصلے کی نفی کے مترادف ہے۔
کسی محفل یا بندھن سے الگ ہونے کے بعد دوبارہ اسی طرف رغبت کرنا خواہ وہ وقتی لالچ، مفاد، یا جذباتیت کی بناء پر ہو، انسان کی اخلاقی شکست ہوتی ہے۔ اردو کی بظاہر تلخ مگر انتہائی جامع اور اثر انگیز ضرب المثل ہے: تھوک کر چاٹنا۔ یہ کہاوت ان لوگوں کی ذہنی اور اخلاقی حالت کی عکاسی کرتی ہے جو اپنی خودداری کا سودا معمولی فائدے یا جذباتی کمزوری کے بدلے کر بیٹھتے ہیں۔ جب انسان کسی ایسی جگہ واپس جاتا ہے جہاں سے وہ اپنی تذلیل کے بعد نکل چکا تھا، تو وہ اپنی نظروں میں بھی گر جاتا ہے اور دنیا کی نظروں میں بھی اپنا احترام مکمل طور پر کھو دیتا ہے۔
لالچ اور مفاد پرستی اکثر انسان کو اندھا کر دیتی ہے۔ لوگ بھول جاتے ہیں کہ جو لوگ ایک بار اپ کی عزتِ نفس پر حملہ کر چکے ہیں، وہ دوبارہ موقع ملنے پر مزید بے رحمی کا مظاہرہ کریں گے۔ جب آپ اپنی عزت کی قیمت پر کسی کے پاس واپس جاتے ہیں، تو آپ سامنے والے کو یہ باور کرا دیتے ہیں کہ آپ کی خودداری کی کوئی حقیقت نہیں اور آپ ذلت سہنے کے عادی ہیں۔
وقار اس بات میں ہے کہ انسان جو قدم ایک بار اٹھا لے، اس پر استقامت دکھائے۔ زندگی میں استغنا پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔ خوددار لوگ کبھی کسی محفل، رشتہ یا مفاد کے محتاج نہیں ہوتے۔ وہ جانتے ہیں کہ جن دروازوں کو انہوں نے اپنی غیرت اور عزت نفس کے تحفظ کے لیے بند کر دیا ہے، انہیں دوبارہ کھٹکھٹانا اپنی شخصیت کو مسخ کرنے کے برابر ہے۔
تنہائی کی تلخی اس تعلق کی چمک دمک سے ہزار درجہ بہتر ہے جس کی بنیاد بے عزتی پر رکھی گئی ہو۔ خودداری انسان کو آزاد بناتی ہے جبکہ بے عزتی پر مبنی تعلق انسان کو ذہنی طور پر غلام بنا دیتا ہے۔ لہٰذا، اپنی عزتِ نفس کو ہمیشہ مقدم رکھیے، کیونکہ جو شخص اپنی عزت خود نہیں کرتا، دنیا بھی اسے کبھی احترام کا مقام نہیں دیتی۔
